سید شہریار احمد
ایڈوکیٹ ہائی کورٹ
ایسا ہو سکتا ہے اور نہیں بھی ہو سکتا
آج پھر ہر روز کی طرح ایک تکلیف دہ خبر میڈیا پر چل رہی ہے کہ پرائیویٹ ٹی وی چینل کی اینکر پرسن رابعہ احسن کو اس کے گھر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ مقتولہ کے شوہر احسن کو گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور اس کے شوہر کے بموجب گولی اتفاقا چل گئی جس سے اس کی اہلیہ کی موت واقع ہوئی۔
یہ ایک بڑی کنفیوزنگ سٹیٹمنٹ ہوتی ہے ملزم کی طرف سے جو یہ کہتا ہے کہ گولی اتفاقیہ چل گئی ۔
اس کے بیان کی تصدیق کے لیے باقاعدہ تحقیقات کی جاتی ہیں اس کے بعد ملزم کو قتل خطا کا مرتکب قرار دیا جا سکتا ہے لیکن کوئی شخص یہ سوچنے کو تیار نہیں ہے کہ ہو سکتا ہے واقعتا ایسا ہی ہوا ہو اور گولی اتفاقا چل گئی ہو ۔اس کا شوہر بےگناہ ہو۔
اس کا فیصلہ تو وہ تفتیشی بہتر انداز سے کر سکتے ہیں جو ملزم کے بیانات کی تبدیلی ، اس کی باڈی لینگویج سے نتائج تک پہنچ سکتے ہیں لیکن ہمارے میڈیا نے اس کے شوہر احسن کو اپنی توپوں کے نشانے پر لے لیا ہے۔
پولیس کے حتمی چالان سے پہلے ہی ہمارا میڈیا رابعہ کی شوہر کو پھانسی کے تختے پر لٹکتے ہوئے دیکھ رہا ہے۔
ٹی وی اینکرز کی ہمدردیاں مقتولہ کے ساتھ ہیں، قانون نافذ کرنے والے، تحقیقاتی اور تفتیشی ادارے، قانون پر عمل کرانے والے ادارے، کوئی بھی اپنا کام، اپنی ذمہ داری ڈھنگ سے ادا نہیں کر پا رہا۔
کچھ ہفتے قبل ایک ٹھیکے دار توقیر نے ملتان کے علاقے میں ایک 15 سالہ بچے وسیم عباس کو گاڑی کی ٹکر سے ہلاک کر دیا تھا پھر اس کے بعد سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر ملزم توقیر کی جو درگت بنائی گئی وہ ہم سب جانتے ہیں۔
ویڈیو میں صاف دیکھا جا رہا تھا کہ وہ گاڑی کو بھاگتے ہوئے بچے کے آگے لا کے روک رہا تھا لیکن گاڑی کی سپیڈ اور ڈرائیور کے طیش کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر بچے کو کچل گئی۔
ملزم توقیر پکڑا گیا ،عدالت میں پیش ہوا، وکلا نے اپنے غصے اور دل کی بھڑاس اس پہ نکالی۔
دو دن بعد وہی کہانی، وہی پرانا سکرپٹ دھرایا گیا کہ ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ہے۔
اسے ہلاک کرنے کے علاوہ بھی کئی بہترین راستے موجود تھے۔ قانون کو اپناتے ہوئے اس بچے کے لواحقین کو دیت دلوائی جاتی۔
ملزم کو پانچ سات سال سزا دے کے واپس اس کے معصوم بچوں کے حوالے کر دیا جاتا اور اب جب کہ توقیر پار کر دیا گیا ہے، اس کے معصوم بچوں کا کیا قصور؟ سوشل میڈیا پر اس کے چھوٹے، ننھے ،معصوم بچوں کو روتے دیکھ کر دل دکھی ہوا۔
ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے کتنے بے حس اور سنگدل ہیں یہ ہمیں آئے روز کے واقعات سے پتا چلتا رہتا ہے۔
پولیس ،عدالتیں ، قومی نمائندے کوئی بھی معاملات کو صحیح طرح سے ہینڈل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ کسی بھی عمل کا نتیجہ ان لوگوں کے مد نظر نہیں ہوتا۔
توقیر کو اس طرح جھوٹے پولیس مقابلے میں مارنا، اس ملزم کے ساتھ لوگوں کی ہمدردیاں وابستہ کرنا ہے۔
اب ہمارے انہی مذکورہ اداروں کی نااہلی کا ایک اور کیس ملاحظہ کیجئے۔
چند روز قبل ایک طالبہ لائبہ نے اسلام آباد کی پوش علاقے میں درخت کے ساتھ پھندا لگا کر خود کشی کر لی کیونکہ نعمان نامی شخص جو کہ مبینہ طور پر سپریم کورٹ میں کلرک تھا اس سے 70 لاکھ کا فراڈ کر گیا۔
لائبہ نے اس شخص کو امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے پیسے دیے اور بعد میں پتا چلا کہ اس کی رقم ڈوب گئی ہے۔ وہ اس صدمہ کو برداشت نہ کر سکی اور درخت کے ساتھ پھندا لگا کر جھول گئی۔
نعمان دوسرے دن ہی گرفتار ہو گیا اور تیسرے دن سیم سٹوری کے تحت، اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔
اس ملزم نعمان کا زندہ رہنا بہت ضروری تھا ۔اس نے اور کتنے گھرانوں کے بچے بچیوں سے کروڑوں روپیہ لوٹا، کتنے لوگوں سے فراڈ کیے، اس کے ریکٹ میں اور کتنے لوگ تھے جو نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجنے میں ملوث رہے، ان سب تک پہنچنا اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کر کے قانونی سزائیں دلوانا پولیس کی پہلی ذمہ داری تھی لیکن جیسے ہی اسے پار کیا گیا ہر شخص نے یہ باور کیا کہ نعمان کے ساتھ جو پوری ٹیم تھی اسے بچا لیا گیا ہے۔
اب کوئی حافظ عاصم منیر صاحب کو خبر کریے کہ صرف ایک سیاسی جماعت کو ہی سبق سکھانا فرض نہیں ہے بلکہ پاکستانی عوام کو ایسے ظالم لوگوں سے بچانا اور ان کو انصاف دلوانا بھی ان کی ذمہ داری ہے
کیونکہ اس وقت پاکستان کے سیاہ و سفید کے مالک سید صاحب بلا شرکت غیرے بقلم خود ہیں۔











