اسلام آباد (حسنین علی راجہ): وزیرِ مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے اسلام آباد میں رومانیہ کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈان سٹوئینیسکو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور رومانیہ کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران تعلیم، فنی تربیت، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، دیہی ترقی، سیاحت اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔
پاکستانیوں کے لیے رومانیہ میں کاروبار کے نئے دروازے کھل گئے
اس موقع پر پاکستان کے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے امکانات پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں جانب سے تعلیمی سہولیات کی بہتری، نوجوانوں کو فنی مہارتوں کی فراہمی، پائیدار ذرائع معاش اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کے مختلف علاقوں، بالخصوص قبائلی اضلاع میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ رومانیہ کے ذریعے پاکستانی مصنوعات اور کاروباری اداروں کی یورپی یونین کی وسیع منڈیوں تک رسائی کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ مملکت مبارک زیب خان نے ملاقات کے موقع پر رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈان سٹوئینیسکو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون اور دوستانہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کی امید ظاہر کی۔











