اسلام آباد(محب) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو افغان سرزمین سے درپیش دہشت گردی کے مسئلے پر عالمی برادری کی توجہ اور تعاون درکار ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے کئی دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے اور پاکستانی عوام نے تحفظ اور سلامتی کے متلاشی افغان شہریوں کے ساتھ دستیاب وسائل بانٹے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات میں افغان عوام کی میزبانی کی اور ان کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے اصولوں کی حمایت کرتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان ہمیشہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دیتا رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نئے سیکرٹری خارجہ ہوں گے: اسحاق ڈار
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے 47 سال بعد امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کیا، جو پاکستان کی سفارتی کوششوں اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔
کشمیر کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری کو کامیاب بنانے کا ہر ممکن موقع فراہم کیا جانا چاہیے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عالمی برادری خطے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کرے گی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون، علاقائی امن و سلامتی، افغانستان کی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔











