اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)آزاد کشمیر کے حلقہ بلوچ سے تعلق رکھنے والے معروف سیاسی و سماجی رہنما محمد اشتیاق کیانی نے استحکام پاکستان پارٹی (IPP) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے حلقہ بلوچ سے پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر عنایت اللہ عارف کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔محمد اشتیاق کیانی نے اپنے بیان میں استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین علیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آزاد کشمیر میں پارٹی کو منظم کرکے عوامی خدمت کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس پر اعتماد کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی پارٹی تنظیم ان کے حوالے کرنے کے فیصلے کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ سردار تنویر الیاس ایک مخلص اور خدمت گزار سیاسی رہنما ہیں اور ہم ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سردار تنویر الیاس نے ماضی میں جن سیاسی جماعتوں کے ساتھ وابستہ ہو کر اخلاص کے ساتھ کام کیا، ان کے بارے میں ان کا مؤقف ہے کہ انہیں وہاں مایوسی اور دھوکے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اب استحکام پاکستان پارٹی کے پلیٹ فارم سے وہ ان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔محمد اشتیاق کیانی نے حلقہ بلوچ سے استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر عنایت اللہ عارف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی پوری کیانی فیملی عنایت اللہ عارف کے ساتھ کھڑی ہے۔ کیانی خاندان کے تقریباً چار سے پانچ سو ووٹرز عنایت اللہ عارف کی حمایت کریں گے اور حلقہ بلوچ میں ان کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔انہوں نے عنایت اللہ عارف کی سیاسی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے حلقے میں عوامی رابطے اور خدمت کے لیے بھرپور محنت کی ہے اور جہاں بھی انہیں عوام کی خدمت کا موقع ملا، وہ پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عنایت اللہ عارف آئندہ بھی حلقہ بلوچ کے عوام کے مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔محمد اشتیاق کیانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عنایت اللہ عارف کے وژن اور عوامی خدمت کے پروگرام پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں کامیاب بنائیں تاکہ حلقہ بلوچ میں ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔اس موقع پر محمد اشتیاق کیانی نے سردار عدنان، سردار امتیاز، سردار سعید، سردار شاہد ایڈووکیٹ اور سردار عنایت اللہ عارف کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی اوران کے اعزاز میں ایک خصوصی ملاقات اور تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں پارٹی رہنماؤں اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔محمد اشتیاق کیانی کی شمولیت کو آزاد کشمیر میں استحکام پاکستان پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں اور حلقہ بلوچ میں پارٹی رابطہ مہم کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔











