حافظ آباد (شوکت علی وٹو): تھانہ سٹی حافظ آباد میں انسپکٹر حفیظ انجم کو بطور ایس ایچ او تعینات کردیا گیا۔ یہ تھانہ سٹی حافظ آباد میں بطور ایس ایچ او ان کی دوسری تعیناتی ہے، جس پر شہری حلقوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شہر میں جرائم اور منشیات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کی امید ظاہر کی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حافظ آباد میں مبینہ طور پر منشیات فروشی ایک سنگین مسئلہ بنتی جارہی ہے، جبکہ آئس سمیت مختلف نشہ آور اشیا نوجوان نسل کو متاثر کررہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق جوئے کے اڈوں، چھوٹے جرائم پیشہ گروہوں اور دیگر معاشرتی برائیوں کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کی ضرورت ہے۔
عوامی حلقوں کے مطابق انسپکٹر حفیظ انجم شہر میں جرائم کی نوعیت اور جرائم پیشہ عناصر سے بخوبی واقف ہیں، جبکہ ماضی میں بھی ان کی تعیناتی کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔
شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے ایس ایچ او پولیس کی رٹ مزید مضبوط کرتے ہوئے منشیات فروشوں، جواریوں، گینگ وار اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو نشے اور جرائم سے دور رکھنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں کسی بھی قسم کے سیاسی یا بااثر دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے۔











