جمعه,  11  ستمبر 2026ء
ائف اسٹائل ریزیڈنسی جی تیرہ کے متاثرین کا منصوبہ فوری مکمل کرنے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): لائف اسٹائل ریزیڈنسی جی تیرہ اسلام آباد کے متاثرہ الاٹیز نے منصوبے کی تکمیل میں مسلسل تاخیرپر وفاقی حکومت، وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) سے فوری نوٹس لینے اورمنصوبہ فوری طور پر مکمل کرنے اور متاثرین کو ان کے گھروں کا قبضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرہ الاٹیز کے نمائندگان ملک بشیر احمد،شیخ محمد اعظم،ڈاکٹر تنویر کیانی،دلدار حسین،فیصل خان، مسز سکینہ بانو و دیگرنے کہا کہ لائف اسٹائل ریزیڈنسی جی تیرہ محض ایک ہاؤسنگ منصوبہ نہیں بلکہ ہزاروں سرکاری ملازمین اور ان کے خاندانوں کے لیے اپنی چھت کے خواب کی امید ہے۔ الاٹیز نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی، ریٹائرمنٹ کے فوائد اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی رقوم اس امید پر منصوبے میں جمع کرائیں کہ انہیں مقررہ مدت میں ان کے گھروں کا قبضہ مل جائے گا، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود وہ اپنے جائز حق سے محروم ہیں۔متاثرین کا کہنا تھا کہ منصوبے کی غیر معمولی تاخیر نے ہزاروں خاندانوں کو شدید مالی، ذہنی اور معاشرتی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ متعدد الاٹیز اپنی عمر کے آخری حصے میں بھی کرائے کے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں، جبکہ بڑھتے ہوئے کرایوں، مہنگائی اور دیگر معاشی مسائل نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ الاٹیز نے مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے کیے، متعدد درخواستیں اور یادداشتیں پیش کیں اور منصوبے کی تکمیل کے لیے بارہا آواز اٹھائی، مگر انہیں عملی پیش رفت کے بجائے یقین دہانیوں اور نئی تاریخوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ہر گزرتا دن متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے جبکہ ان کی قیمتی جمع پونجی ایک ایسے منصوبے میں پھنسی ہوئی ہے جس کی تکمیل کے حوالے سے طویل عرصے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔متاثرین نے اس امر پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا کہ ایک سرکاری ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت شروع ہونے والے منصوبے کا بروقت مکمل نہ ہونا اور الاٹیز کو واضح، شفاف اور حتمی ٹائم لائن فراہم نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔متاثرہ الاٹیز نے وزیراعظم پاکستان سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے لائف اسٹائل ریزیڈنسی 13/1-G کی تکمیل کے لیے متعلقہ اداروں کو واضح اور قابلِ عمل ہدایات جاری کریں اور منصوبے کی نگرانی کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے۔لائف اسٹائل ریزیڈنسی 13/1-G کی تعمیر فوری طور پر مکمل کرکے الاٹیز کو قبضہ دینے کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔منصوبے میں تاخیر کی وجوہات، ذمہ داران اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے الاٹیز کو مکمل اور شفاف معلومات فراہم کی جائیں۔منصوبے کی تکمیل کے لیے تحریری، واضح اور قابلِ عمل ٹائم لائن جاری کی جائے اور اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔الاٹیز سے وصول کی گئی رقوم کے استعمال اور منصوبے کی مالی صورتحال کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔تاخیر کے باعث الاٹیز کو ہونے والے مالی نقصانات، اضافی اخراجات اور ذہنی اذیت کے ازالے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔وزیراعظم کی زیر نگرانی یا ان کی ہدایت پر ایک اعلیٰ سطحی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے جو منصوبے کی تکمیل کی مسلسل نگرانی کرے۔FGEHA انتظامیہ الاٹیز کے نمائندگان کے ساتھ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے اور منصوبے کی ہر مرحلے پر پیش رفت سے انہیں آگاہ رکھے۔متاثرین نے کہا کہ وہ کسی غیر قانونی یا غیر آئینی مطالبے کے خواہاں نہیں بلکہ اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی کے عوض اپنے جائز حق، یعنی اپنے گھر کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان، وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور ڈائریکٹر جنرل FGEHA سے اپیل کی کہ اس معاملے کو محض انتظامی مسئلہ سمجھنے کے بجائے ہزاروں خاندانوں کے مستقبل اور ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی کا معاملہ سمجھا جائے اور فوری و مؤثر اقدامات کیے جائیں۔متاثرہ الاٹیز نے واضح کیا کہ وہ اپنے جائز مطالبات کے حصول کے لیے پرامن، قانونی اور جمہوری طریقے سے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے اور اس وقت تک جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک لائف اسٹائل ریزیڈنسی 13/1-G کے الاٹیز کو ان کے گھروں کا قبضہ نہیں مل جاتا۔

مزید خبریں