راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان بہت باشعور اور پاکستان کا سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر ہیں، انہیں ریاست کی اہمیت کا مکمل ادراک ہے۔
راولپنڈی میں بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سے اے آر وائی نیوز کے نمائندہ صحافی حسن ایوب نے سوال کیا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی قوتوں کو موجودہ مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھنا ہوگا، کیونکہ نظام مشکلات کا شکار ہے۔
صحافی نے استفسار کیا کہ کیا اس بیان سے نوجوانوں میں مایوسی نہیں پھیلے گی اور کیا اس سے ان کی امیدوں کو دھچکا نہیں پہنچے گا؟
اس سوال کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان مایوس نہیں بلکہ انتہائی باشعور، پُرامید اور ملک کے بہتر مستقبل کے لیے پُرعزم ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وہ ملک بھر کے اسکولوں، کالجوں اور مختلف فورمز پر نوجوانوں سے مسلسل ملاقاتیں کرتے رہے ہیں اور ان کے تجربے کے مطابق پاکستان کا نوجوان انتہائی باشعور ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل کو عالمی حالات اور ریاست کی اہمیت کا پہلے سے کہیں زیادہ ادراک ہے۔
پی ایس این اسلام آباد کا ہنگامی اجلاس، سانحہ ڈی جی خان پر گہرے رنج و غم کا اظہار
ان کے بقول نوجوانوں میں پاکستان سے محبت، ریاست پر اعتماد اور بہتر مستقبل کی خواہش بہت مضبوط ہے کیونکہ ان کی پوری زندگی ابھی ان کے سامنے ہے اور وہ ملک کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں تبدیلی کی ضرورت پر بات کی جا رہی ہے تو اسے مایوسی کے بجائے ایک مثبت عمل کے طور پر دیکھا جانا چاہیے بلکہ یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ دیر آید، درست آید” کیونکہ نوجوان خود بھی بہتری اور اصلاح کے خواہاں ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ ملک میں کسی بھی تبدیلی کا راستہ آئین، قانون اور عوام کی رائے کے مطابق ہونا چاہیے جبکہ آبادی کے اعتبار سے نوجوان ہی پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر ہیں اور عوامی خواہشات کی حقیقی ترجمانی بھی یہی طبقہ کرتا ہے۔











