اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے راولپنڈی میں مسلح افواج کے ہیڈکوارٹرز جا کر مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
کویت کے پاکستان میں سفیر ناصر عبدالرحمن جے المطیری بھی کویت سے آنے والے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات میں موجود تھے۔
کویت نے پاکستان سے دفاعی تعاون معاہدے کی منظوری دیدی
کویت کےوزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔انہوں نے پاکستان کی ثابت قدم حمایت اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کویت کے ساتھ پاکستان کے مضبوط تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت علاقائی امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر متفق ہیں۔
اس ملاقات کے متعلق مسلح افواج کے ترجمان ادارہ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے اقدامات پر اتفاق رائے سامنے آیا۔











