آسلام آباد(روبینہ مظہر)برطانیہ میں جیل نیل مینیکیور کے لیے استعمال ہونے والی بعض مصنوعات پر صحت سے متعلق خدشات کے پیشِ نظر نئی پابندیاں نافذ کی جا رہی ہیں۔ 15 اگست 2026 سے ٹری میتھائل بینزوائل ڈائی فینائل فاسفین آکسائیڈ (ٹی پی او) نامی کیمیکل پر مشتمل جیل نیل پالش کی فروخت اور نئی سپلائی پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
برطانوی حکام کے مطابق ٹی پی او ایک ایسا کیمیکل ہے جو جیل نیل پالش کو یو وی لیمپ کے ذریعے جلد خشک کرنے اور چمکدار بنانے میں مدد دیتا ہے، تاہم بعض مطالعات میں اسے تولیدی صحت اور زرخیزی کے لیے ممکنہ طور پر نقصان دہ قرار دیا گیا ہے۔ اسی بنیاد پر یورپی یونین نے بھی گزشتہ سال اس کیمیکل پر پابندی عائد کر دی تھی۔
برطانیہ میں 15 اگست سے مینوفیکچررز ٹی پی او پر مشتمل نئی مصنوعات مارکیٹ میں فروخت نہیں کر سکیں گے، جبکہ نیل سیلونز کو 14 فروری 2027 تک اس کی خریداری بند کرنا ہوگی۔ اس کے بعد وہ نئی مصنوعات نہیں خرید سکیں گے، تاہم پہلے سے خریدی گئی مصنوعات استعمال کی جا سکیں گی۔
ذہنی صحت کے بحران میں برطانیہ یورپ میں سرِفہرست، 30 فیصد افراد شدید ذہنی تناؤ کا شکار
ماہرین کے مطابق کئی کمپنیوں نے پہلے ہی ٹی پی اوسے پاک متبادل فارمولے متعارف کرا دیے ہیں، جو یکساں معیار اور چمک فراہم کرتے ہیں۔ طبی ماہرین نے جیل مینیکیور کروانے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مستند سیلونز کا انتخاب کریں اور یو وی لیمپ کے استعمال کے دوران سن اسکرین لگانے جیسی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔











