میرپور(روشن پاکستان نیوز) آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، غیر سرکاری نتائج کے مطابق اب تک مجموعی طور پر ن لیگ کے امیدوار آگے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے میں میرپور کے 13 حلقوں میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے بعد غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہوگئے، جو سب سے پہلے اے آر وائی نیوز پر نشر کیے جارہے ہیں۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی ہدایت پر میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ شام 6 بجے تک جاری رہی۔
میرپور کے 13 حلقوں کے تازہ ترین غیر سرکاری نتائج کے مطابق
LA-1
ایل اے 1 ڈڈیال کے تمام 139پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق ن لیگ کے اظہر صادق 15427 ووٹ لے کر کامیاب قرار ہائے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے افسر شاہد 9829 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
LA-2
ایل اے 2 میرپور 2 چکسواری کے مکمل 149 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئے۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری قاسم مجید12952وو ٹ لے کر کامیاب ہوگئے، ن لیگ کے عظیم بخش چوہدری8182ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
LA-3
ایل اے 3 میرپور 3 کے تمام 161 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 11676 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے چوہدری محمد سعید 9832ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
LA-4
ایل اے 4 کھڑی شریف کے تمام 162 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئے۔
جس کے مطابق ایل اے 4 کھڑی شریف سے ن لیگ کے چوہدری رخساراحمد 20172 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ پی پی کے چوہدری صہیب ارشد 13865ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
LA-5
ایل اے5،بھمبر ون 176میں سے 99پولنگ اسٹیشنز کا غیرسرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے وقار 19032وو ٹ لے کر آگے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 15493ووٹ لیکر پیچھے ہیں۔
LA-6
ایل اے6 ، بھمبر2 سماہنی،195 میں سے72 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے محمد رزاق 13609وو ٹ لیکر آگے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان 9287ووٹ لیکر پیچھے ہیں۔
LA-7
آزاد کشمیر انتخابات میں اپ سیٹ سامنے آیا ہے، ایل اے7 بھمبر 3 سٹی میں ن لیگ کے چوہدری طارق فاروق 35287ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
انتخابات میں ن لیگ کے امیدوار نے کامیابی حاصل کرلی، غیر حتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے آزاد امیدوار سابق وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کو شکست دی۔ چوہدری انور الحق 9280ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
LA-8
ایل اے 8 کوٹلی ون راج محل 155 میں سے 141 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے ملک ظفر اقبال 18543ووٹ لے کر آگے، جبکہ مسلم لیگ ن کے ملک نواز 11093ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
LA-9
ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال کے 17 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ ن کے عمیر نعیم 5651 ووٹ لے کر آگے، جبکہ پی پی کےجاوید بڈھانوی نے 3551 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
LA-10
ایل اے 10 کوٹلی 3 سے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین 12421ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ مسلم لیگ ن کے راجہ فاتح محمود 9063ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
LA-11
ایل اے 11 کوٹلی 4 سہنسہ، 53 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے راجہ آصف7900ووٹ لے کر آگے، جبکہ پیپلزپارٹی کے چوہدری اخلاق 4074 ووٹ لیکر پیچھے ہیں۔
LA-12
ایل اے 12 کوٹلی 5 کے 123 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین 19229 ووٹ لے کر آگے جبکہ مسلم لیگ ن کے راجہ ریاست 18652 ووٹ کے ساتھ پیچھے ہیں۔
LA-13
ایل اے 13 کوٹلی 6 کے 150 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے ایازنثار 18021 ووٹ لے کر آگے، جبکہ آئی پی پی کے انصر ابدالی16411ووٹ لے کر ان سے پیچھے ہیں۔،
واضح رہے کہ اس سے قبل میرپور ڈویژن میں پولنگ پانچ بجے ختم ہونا تھی، ووٹرز کے غیرمعمولی ٹرن آؤٹ کے باعث پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھایا گیا تھا۔۔
میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے کچھ حلقوں میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، آئی پی پی اور جماعت اسلامی میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ 6 حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت 126 امیدوار مدمقابل تھے۔
ضلع کے 6 انتخابی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، ڈویژن میں ووٹنگ کے لیے 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، میرپور میں 597، کوٹلی میں 1107 اور بھمبر میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
ایل اے 8 راج محل1 میں 66 انتہائی حساس، 44 حساس، اور 43 نارمل پولنگ اسٹیشنز قرار دیے گئے تھے، ایل اے 9 کوٹلی 2 میں 113 انتہائی حساس، 63 حساس اور کوئی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں، ایل اے 11 سہنسہ کوٹلی 4 میں 77 انتہائی حساس اور 91 حساس پولنگ اسٹیشن تھے۔
ایل اے 12 کوٹلی 5 چڑہوئی میں تمام 113 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا، ایل اے 13 کوٹلی 6 میں 91 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس، 51 کو حساس اور 51 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوٹلی میں 2 پریزائیڈنگ افسران کے خلاف الیکشن کمیشن نے فوری ایکشن لیا تھا، ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پہنچنے کی بجائے نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے۔ دونوں افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کر دیے گئے۔











