پیر,  13 جولائی 2026ء
پاپنگ ببل پھوڑنے کا شوق کیوں ہوتا ہے؟ ماہرینِ نفسیات نے راز بتا دیا

نیویارک (روشن پاکستان نیوز)  پاپنگ ببل وارپ سے مراد وہ اطمینان بخش عمل ہے جس میں پلاسٹک کی پیکنگ شیٹ میں موجود ہوا سے بھرے بلبلوں کو دبا کر پھوڑا جاتا ہے۔

یہ عمل تناؤ اور ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے انتہائی مقبول اور تفریحی سمجھا جاتا ہے تاہم بلبلے پھوڑنے کا یہ شوق بچگانہ نہیں ہے، ماہرینِ نفسیات نے اس کی وجوہات سے آّگاہ کردیا۔

اس حوالے سے نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاپنگ ببل ریپ یعنی بلبلہ دار پلاسٹک کو پھاڑنا ذہنی دباؤ کم کرنے، دماغ کو سکون دینے اور خوشی کا احساس پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

اگر آپ بھی کسی پارسل سے نکلنے والے بلبلہ دار پلاسٹک (ببل وارپ) کے بلبلے پھوڑنے سے خود کو نہیں روک پاتے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

ماہرینِ نفسیات کے مطابق یہ عادت بچگانہ پن کی علامت نہیں بلکہ دماغ کو سکون پہنچانے اور ذہنی دباؤ کم کرنے کا ایک فطری طریقہ ہے۔

کیا آپ کا پاس ورڈ واقعی محفوظ ہے؟ ماہرین نے خبردار کر دیا

دی اکنامک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق بلبلے پھوڑنے کے دوران انسان کو بیک وقت چھونے، آواز سننے اور بلبلہ غائب ہوتے دیکھنے کا تجربہ حاصل ہوتا ہے، یہ متوقع اور مسلسل حسی ردعمل دماغ کو سکون دیتا ہے اور ذہنی یکسوئی پیدا کرتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر بلبلہ پھوٹنے پر دماغ کو ایک چھوٹی سی کامیابی کا احساس ہوتا ہے، جس سے خوشی اور اطمینان سے متعلق دماغی نظام متحرک ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ عمل بہت سے افراد کو خوشگوار محسوس ہوتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بار بار دہرائے جانے والے سادہ کام، جیسے بلبلے پھوڑنا، اسٹریس بال دبانا یا بُنائی کرنا، ذہنی دباؤ کم کرنے، توجہ بہتر بنانے اور روزمرہ کی پریشانیوں سے وقتی نجات دلانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

نفسیات دان ڈینیل برلائن کے نظریے کے مطابق اگرچہ ہر بلبلہ پھوٹنے کا نتیجہ پہلے سے معلوم ہوتا ہے، لیکن ہر بار اس کی توقع اور تصدیق دماغ کو مصروف رکھتی ہے۔

اسی طرح کھیل سے متعلق ماہر اسٹیورٹ براؤن کے مطابق کھیل اور ہلکی پھلکی سرگرمیاں صرف بچوں ہی نہیں بلکہ بالغ افراد کی ذہنی صحت اور مثبت جذبات کے لیے بھی فائدہ مند ہوتی ہیں۔

رپورٹ میں خود ارادیت (سیلف ڈیٹرمینیشن تھیوری) کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جس کے مطابق انسان بعض سرگرمیاں صرف اس لیے انجام دیتا ہے کیونکہ وہ فطری طور پر خوشی اور اطمینان کا احساس دیتی ہیں، نہ کہ کسی بیرونی انعام یا فائدے کے لیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بلبلہ دار پلاسٹک کے بلبلے پھوڑنے کا شوق کسی بھی طرح غیر سنجیدگی یا ناپختگی کی علامت نہیں بلکہ ایک بے ضرر عادت ہے جو ذہنی سکون اور جذباتی توازن برقرار رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔

مزید خبریں