منگل,  07 جولائی 2026ء
جہلم میں پہلی بار ‘کو ورکنگ سپیس’ اور ‘جاب سینٹر’ کے قیام کی تیاریاں، ابتدائی کام شروع

جہلم (روشن پاکستان نیوز) جہلم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نوجوانوں کے لیے جدید طرز کی ‘کو ورکنگ سپیس’ اور ‘جاب سینٹر’ کے قیام کے منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت دوسرا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ان کی ٹیم نے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے ‘کو ورکنگ سپیس’ اور ‘جاب سینٹر’ کے قیام کے لیے موزوں مقام کی فراہمی اور دیگر انتظامی امور سے آگاہ کیا۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہلم میں پہلی بار جدید عالمی طرز کے ‘کو ورکنگ سپیس’ کے تصور کو متعارف کرایا جا رہا ہے، جو نوجوانوں، فری لانسرز اور سٹارٹ اپس کے لیے کام کرنے کی مشترکہ جگہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع تک رسائی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے منصوبے میں تعاون کرنے والے اداروں، جن میں کولیب، الصفہ اور پی ٹی سی سمیت دیگر شراکت دار شامل ہیں، کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

سفارتخانہ پاکستان کے زیرِ اہتمام پاکستانی مینگو فیسٹیول

بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ جاب سینٹر روزگار فراہم کرنے والے اداروں اور ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کے درمیان ایک مؤثر رابطے کا ذریعہ بنے گا، جبکہ وہ پروفیشنل نوجوان بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے جن کے پاس اپنا دفتر یا ضروری آلات موجود نہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جہلم میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا منصوبہ باصلاحیت نوجوانوں کو عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گا اور مستقبل میں دیگر اضلاع کے لیے بھی ایک قابلِ تقلید ماڈل ثابت ہوگا۔

مزید خبریں