ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مینگو فیسٹیول کا رنگا رنگ انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ آموں کی مختلف اقسام کو خوبصورتی اور دلکشی کے ساتھ پیش کیا گیا۔ فیسٹیول میں سعودی شہریوں، پاکستانی کمیونٹی اور دیگر ممالک کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاکستانی آموں کے منفرد ذائقے اور خوشبو کو بے حد سراہا۔
یہ فیسٹیول سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے مقامی مال میں منعقد کیا گیا، جس کا افتتاح سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کیا۔ فیسٹیول میں پاکستان کے مشہور آم چونسہ، انور رٹول، سندھڑی، لنگڑا، دسہری اور دیگر اقسام انتہائی دلکش انداز میں پیش کی گئیں۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ پاکستانی آم سعودی عرب میں نہایت مقبول ہیں اور ان کی مارکیٹ مسلسل وسیع ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تجارتی پروگرام دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مضبوط کرتے ہیں اور پاکستان کی زرعی مصنوعات کو سعودی مارکیٹ میں مزید جگہ فراہم کرتے ہیں۔
ڈاکٹر شگفتہ زریں، ٹریڈ منسٹر سفارت خانہ پاکستان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستانی آم نہ صرف قومی شناخت کا حصہ ہیں بلکہ پاکستان کی برآمدی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانی آموں کے لیے ایک انتہائی امید افزا اور تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ ہے۔ ایسے فیسٹیول نہ صرف مارکیٹ تک رسائی بڑھاتے ہیں بلکہ نئے تجارتی روابط قائم کرتے ہیں اور پاکستانی زرعی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے ہیں۔
فیسٹیول میں شریک افراد نے پاکستانی آموں کی خوشبو، ذائقے اور تنوع کو بے حد پسند کیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بتایا کہ سعودی عرب کی مارکیٹوں میں پاکستانی آموں کی خوشبو ہر طرف پھیلی ہوئی ہے اور لوگ مختلف اقسام میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے فیسٹیول نہ صرف آم کی فروخت میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ پاکستان کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔











