راولپنڈی: (روشن پاکستان نیوز) – راولپنڈی پولیس نے دھمیال کے علاقے میں ڈیڑھ سالہ معصوم بچی کی گردن پر چھری سے حملہ کرنے والے ملزم کو واردات کے 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد محمود ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا، جبکہ واقعے کا مقدمہ گزشتہ روز پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ زخمی بچی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بروقت علاج کے بعد اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ایس پی صدر کی نگرانی میں ایس ایچ او دھمیال اور پولیس ٹیموں نے مسلسل کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم متاثرہ بچی کی والدہ کا رشتہ دار ہے، جس نے ذاتی رنجش کی بنا پر معصوم بچی کو قتل کرنے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ بچوں پر تشدد یا ان کے استحصال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس غیر انسانی فعل میں ملوث ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔











