جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش اور خراب موسم کے باعث لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ تاخیر کا شکار ہے۔
پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ کا ٹاس وقفے وقفے سے بارش کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔
بارش رکنے کے بعد آؤٹ فیلڈ سے کور ہٹائے جا رہے ہیں اور گراؤنڈ اسٹاف میچ کے لیے میدان کی تیاری میں مصروف ہے۔
دونوں ٹیمیں تاحال ہوٹل میں موجود ہیں، پشاور اور لاہور کی ٹیمیں دن دو بجے کے بعد ہوٹل سے سٹیڈیم کے لیے روانہ ہوں گی۔
مزید بارش نہ ہونے کی صورت میں انتظامیہ لاہور اور پشاور کے درمیان مختصر میچ کرانے کی کوشش کرے گی۔
ٹیموں کو دوپہر 12 بجے سٹیڈیم پہنچنا تھا تاہم خراب موسم کے باعث ٹیموں کی سٹیڈیم آمد میں تاخیر ہوئی۔
پی ایس ایل میں آج سہ پہر لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ شیڈول ہے۔ دوپہر 2 بجے شروع ہونے والے میچ کے لیے دونوں ٹیموں کو دوپہر 12 بجے سٹیڈیم پہنچنا تھا تاہم ٹیموں کو ہوٹل میں ہی رکنے کو کہا گیا۔
ایونٹ میں شام کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ بھی ہے تاہم اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی شام کو بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔