اتوار,  14 جون 2026ء
بجٹ مسترد، جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان

لاہور(روشن پاکستان نیوز): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی بجٹ کو مسترد کر دیا اور اس کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت جام کر رہی ہے، ہڑتال معیشت کو بچانے اور چلانے کے لیے کی جائے گی۔ تاجر ہڑتال کریں اور نوجوان موٹر سائیکلیں بند کر کے سڑکوں پر آ جائیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ گزشتہ بجٹوں کا تسلسل ہے، جس سے عوام غریب سے غریب تر ہو گئے، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ نہیں ہوا بلکہ ڈیڑھ فیصد کمی ہوئی ہے۔

بجٹ: سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کس طرح بڑھے گی؟ ریلیف پیکج کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر جو ہدف پورا نہیں کرتی وہ نقصان لیوی عائد کر کے پورا کیا جاتا ہے۔ عوام کی جیبوں سے 1200 ارب روپے پٹرولیم لیوی کی صورت میں نکالے جا رہے ہیں۔ 25 سال میں مڈل کلاس اور غریب عوام 8000 ارب روپے سے زائد پٹرولیم لیوی کی مد میں حکومت کو دے چکے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کو سالانہ 1800 ارب روپے کیپیسٹی چارجز دیے جاتے ہیں۔ ملک پر قرض 85 ہزار ارب روپے تک جا پہنچا ہے، جس پر 8 ہزار 54 ارب روپے صرف سود دیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے پٹرول کی قیمت فوری طور پر کم کر کے 225 روپے لیٹر کرنے، پٹرولیم لیوی، آئی پی پیز کیپسٹی چارجز کی ادائیگی اور ارکان کو ترقیاتی فنڈز بند کرنے کے مطالبات کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی تحریک کے لیے آئندہ دو سے چار روز میں مشاورت کی جائے گی اور ملک گیر احتجاجی تحریک کا حتمی اعلان اسی ہفتے لاہور میں کیا جائے گا۔

مزید خبریں