فلاڈیلفیا(روشن پاکستان نیوز) امریکا میں ڈیلیوری بوائے کے طور پر کام کرنے والے بھارتی شہری کو پیزا منگوانے کے بہانے بلا کر گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ امریکی شہر فلاڈیلفیا میں پیش آیا، مقتول کی شناخت انشول کنچا کے نام سے ہوئی جو ملٹی نیشنل کمپنی میں ملازم تھا اور اضافی آمدنی کیلیے ہفتہ وار تعطیلات کے دوران پیزا ڈیلیوری کا کام کرتا تھا۔
ہفتے کی رات اسے ایک ویران جگہ پر پیزا پہنچانے کا ایک فرضی آرڈر ملا۔ جب وہ وہاں پہنچا تو ایک نامعلوم شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر دی اور انشول کنچا کے سر میں کئی گولیاں ماریں جس کے بعد حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔
مقتول اہلخانہ کے مطابق اس سے کوئی چیز نہیں لوٹی گئی جس سے اس قتل کے پیچھے چھپے مقصد پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اہلخانہ کی جانب سے بتائی گئی رپورٹس کے مطابق حملے کے وقت علاقے میں پیٹھ پر بیگ لٹکائے دو نقاب پوش مسلح افراد کو دیکھا گیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انشول اس سے قبل بھی امریکا میں ڈکیتی کا شکار ہو چکا تھا جس کے دوران اس کی چین، فون اور نقدی چھین لی گئی تھی لیکن اس سے پہلے اسے کبھی بھی جان لیوا حملے کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔
امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دیں
انشول کی بہن تنوی نے الزام لگایا کہ پیزا ڈیلیوری دراصل اسے مارنے کیلیے بچھایا گیا ایک جال تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسے ایک سنسان علاقے میں پیزا ڈیلیور کرنے کا کہا گیا تھا لیکن بعد میں ہمیں معلوم ہوا کہ یہ ایک دھوکا تھا، وہاں کوئی نہیں تھا یہ ایک جال تھا جس کا مقصد صرف اسے قتل کرنا تھا، ہم نہیں جانتے کہ انہیں کیا حاصل ہوا یا ان کے ارادے کیا تھے، وہ میرے بھائی کو لے گئے اور اسے مار ڈالا۔











