اسلام آباد (روشن پاکستان میں نیوز)آزاد کشمیر میں آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے لیے سکیورٹی ڈیوٹی پر جانے سے انکار کرنے والے اسلام آباد پولیس کے ایک کانسٹیبل کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے اہلکار کی برطرفی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کانسٹیبل احمد علی کو آزاد کشمیر انتخابات کے دوران سکیورٹی فرائض سرانجام دینے کے لیے طلب کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے متعدد بار احکامات جاری ہونے کے باوجود ڈیوٹی پر حاضر ہونے سے گریز کیا۔
پولیس حکام کے مطابق کانسٹیبل احمد علی نے آزاد کشمیر جانے سے واضح طور پر انکار کیا، جسے محکمانہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور فرائض میں سنگین غفلت قرار دیا گیا۔
اس حوالے سے جاری سرکاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اہلکار کا رویہ غیر پیشہ ورانہ تھا اور انہوں نے بارہا طلبی کے باوجود محکمانہ احکامات پر عمل نہیں کیا، جس کے باعث انہیں فوری طور پر ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے ایس پی اویس علی خان کا کہنا ہے کہ فرائض سے انحراف اور احکامات کی عدم تعمیل کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی، اسی لیے محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ اہلکار کو نوکری سے برطرف کیا گیا۔
راولپنڈی میں مبینہ پولیس گردی، خاتون کا انصاف نہ ملنے پر خودکشی کی دھمکی
واضح رہے کہ پاکستان کے زیر انتظام آزاد کشمیر میں آئندہ ماہ عام انتخابات منعقد ہونے جا رہے ہیں، جن کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب، انتخابات سے قبل جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے 9 جون کو بڑے احتجاج کی کال بھی دی گئی ہے، جس کے پیش نظر سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔











