راولپنڈی (کرائم رپورٹر) راولپنڈی میں عید الاضحیٰ کے موقع پر سیکیورٹی اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے بس اڈوں کی خصوصی چیکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر چیف ٹریفک آفیسر کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
پولیس ٹیموں نے پیر ودھائی جنرل بس اسٹینڈ سمیت مختلف بس اڈوں کا دورہ کیا اور وہاں قائم مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پولیس افسران اور اڈہ منیجرز کو سیکیورٹی اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
سی پی او کے مطابق تمام بس اڈوں پر شہر میں داخل ہونے اور باہر جانے والے مسافروں کا مکمل ڈیٹا ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ مسافروں کی ویڈیو گرافی بھی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
بس اڈوں پر زیادہ کرایہ وصول کرنے کی شکایت اس نمبر پر کریں!
انہوں نے بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 بس اسٹینڈز کو سیل کر دیا گیا ہے۔ عید کے موقع پر اوور چارجنگ کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف مقامات سے شکایات موصول ہونے پر 187 افراد کو جرمانے کیے گئے جبکہ 13 گاڑیوں کو بند کر دیا گیا۔
سی پی او کے مطابق شہریوں سے زائد کرایوں کی مد میں وصول کیے گئے 67 ہزار روپے بھی واپس دلوائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام بس اور ویگن اڈوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔











