وادی منی میں عازمینِ حج کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری، منتقلی آپریشن حتمی مراحل میں داخل

جدہ(روشن پاکستان نیوز) وادی منی میں عازمینِ حج کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جبکہ مختلف رہائش گاہوں سے منی منتقل کرنے کا آپریشن اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ حج انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق عازمینِ حج کو رہائش گاہوں سے منی منتقل کرنے کا عمل گزشتہ شب شروع کیا گیا تھا، جو منظم انداز میں مسلسل جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ عازمین کو جدید ٹرانسپورٹ نظام کے تحت مرحلہ وار منی پہنچایا جا رہا ہے تاکہ نقل و حرکت میں سہولت اور نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔ سعودی حکام کی جانب سے عازمین کی رہنمائی اور سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر عملہ رہنمائی کے فرائض انجام دے رہا ہے۔

وادی منی پہنچنے والے عازمینِ حج آج یہاں نمازِ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء ادا کریں گے اور عبادات میں مشغول رہیں گے۔ منی میں قیام کے دوران عازمین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ سکون اور اطمینان کے ساتھ اپنے مناسکِ حج ادا کر سکیں۔

سعودی عرب میں عازمین حج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار تک پہنچ گئی

حج انتظامیہ کے مطابق عازمین کی محفوظ اور بروقت منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں، جبکہ سیکیورٹی، صحت اور رہنمائی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

وادی منی میں عازمین کی آمد کے ساتھ ہی حج کے روح پرور مناظر نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں اور ہر جانب لبیک اللہم لبیک کی صدائیں گونج رہی ہیں۔

مزید خبریں