اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے موبائل فون صارفین کو ان کا بیلنس کٹوتی سے بچاؤ کے لیے مفت بیلنس سیو سروس فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ٹی اے نے موبائل صارفین کو غیر متوقع بیلنس کٹوتی سے محفوظ رہنے کے لیے بیلنس سیو (پی اے وائی جی بلاکر) سروس فعال کرنے کی ہدایت کی ہے، مذکورہ سہولت تمام نیٹ ورکس پر مفت فراہم کی جارہی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ سروس صارفین کے ڈیٹا بنڈل ختم ہونے یا مکمل استعمال ہونے کے بعد موبائل انٹرنیٹ کو خودکار طور پر بند کر دیتی ہے، جس سے صارفین کا بیلنس غیر ارادی طور پر کٹنے سے محفوظ رہتا ہے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صارفین اپنے متعلقہ نیٹ ورک کے مخصوص ’یو ایس ایس ڈی‘ کوڈ ڈائل کرکے یہ سروس مفت فعال کرسکتے ہیں۔
اس سلسلے میں جاز صارفین *275#، زونگ صارفین *4004#، یوفون صارفین 6611#جبکہ ٹیلی نار صارفین 342# ڈائل کرکے بیلنس سیو سروس باآسانی ایکٹیویٹ کرسکتے ہیں۔
نشئی نے موبائل ٹاور پر چڑھ کر انوکھی فرمائش کردی
ترجمان پی ٹی اے نے کہا ہے کہ یہ سہولت مفت فراہم کی جارہی ہے اور اس کا مقصد صارفین کو ڈیٹا پیکج ختم ہونے کے بعد اچانک بیلنس کٹنے سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
اتھارٹی نے موبائل صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے موبائل بیلنس کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری طور پر بیلنس سیو سروس فعال کریں تاکہ غیر ضروری کٹوتیوں سے محفوظ رہا جاسکے۔











