لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس کے تھانہ نولکھا میں فائرنگ کے واقعے میں ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہو گیا، جبکہ ساتھی اہلکار کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ نولکھا کی بیرک میں پیش آیا، جہاں فائرنگ سے کانسٹیبل احمد رضا زخمی ہو گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق زخمی اہلکار کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ اس کی کمر پر گولی لگی تھی۔
لاہور: تھانہ ہئیر میں اختیارات سے تجاوز پر پولیس اہلکاروں اور خواجہ سراؤں کیخلاف مقدمہ درج
مقدمہ لائن آفیسر فلائینگ اسکواڈ محمد سانول مقصود کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ صبح بیرک میں موجودگی کے دوران فائر کی آواز سنائی دی، جس پر اہلکار موقع پر پہنچے تو کانسٹیبل احمد رضا خون میں لت پت حالت میں موجود تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا الزام کانسٹیبل غلام مرتضیٰ پر عائد کیا گیا ہے، جس نے مبینہ طور پر اپنی سرکاری ایس ایم جی رائفل سے فائر کیا۔
پولیس نے مقدمہ دفعہ 324 کے تحت درج کر کے تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دی ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔











