اینٹی نارکوٹکس فورس کا ملک بھر میں بڑا کریک ڈاؤن، 44 کلو سے زائد منشیات برآمد، 8 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران 76 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 44.324 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اے این ایف نے اسلام آباد میں ایک یونیورسٹی کے قریب گاڑی سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار

دیگر کارروائیوں میں ملتان کے کارگو آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل میں شیروانی کے اندر چھپائی گئی 2.61 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ راولپنڈی کے کوریئر آفس میں آسٹریلیا جانے والے پارسل سے ہاکی بالز میں چھپائی گئی 1.512 کلوگرام آئس پکڑی گئی۔

اسی طرح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والی خاتون کے ٹرالی بیگ سے 1.202 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔

سکھر میں بس ٹرمینل کے قریب 2 ملزمان سے 10.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ اسلام آباد کے کاک پل بس ٹرمینل کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان کے قبضے سے 4 کلوگرام چرس پکڑی گئی۔

پشاور کے اولڈ حاجی کیمپ جی ٹی روڈ کے قریب ایک ملزم سے 2 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ پسنی کے علاقے شادی کور کوسٹل لائن کے قریب کارروائی کے دوران 15 کلوگرام آئس، 23 پسٹل اور 46 میگزین بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

مزید خبریں