اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)الاقصی ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی مرکزی صدرمحمدحمیدخان المعروف ایدھی آف آزاد کشمیرنے کہا ہے کہ تھیلیسیمیا اور بلڈ کینسرکے شکار ہزاروں بچوں کو مفت خون، ادویات فراہم کر رہے ہیں،مخیر حضرات کا تعاون جاری رہا تویہ سلسلہ آزادکشمیر اور پاکستان میں آئندہ بھی جاری رہے گا،انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے حوالے سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میںمنعقدہ تھیلیسیمیا کے شکار بچوں میں عطیات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں این پی سی کے سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، فنانس سیکرٹری عابد عباسی، سماجی کارکن ملک معراج اورتھیلیسیمیا کے شکار بچوں اور انکے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی، اس موقع پر اپنے خطاب میں محمد حمید خان المعروف ایدھی آف آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پیارے نبیؐ کا فرمان ہے کہ تم میں سے سب سے بہت وہ ہے جو دوسروں کو نفع پہنچائے،الاقصی ویلفیئر ٹرسٹ نے دو دہائیاں قبل دکھی انسانیت کی خدمت کا بیڑا اٹھا تھا اور مخیر حضرات کے تعاون سے یہ سلسلہ آج بھی بلا تعطل جاری ہے اور اس دوران لاکھوں تھیلیسیمیا اور بلڈ کینسر کے شکار بچوں کی زندگیاں بچانے کیلئے مصروف عمل ہے، یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری وساری رہے گا،اس موقع پر این پی سی کے سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے کہا کہ محمد حمید خان نے اپنی زندگی دکھی انسانیت کیلئے وقف کر رکھی ہےجو کہ نہایت خوش آئند امر ہے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پریس کلب کے کسی ممبر کے بچے کو اگر یہ بیماری لاحق ہوئی تو ہم آپ سے رابطہ کرینگے،ہم بلڈ ڈونیشن میں بھی آپکے ادارے کیساتھ ہر ممکن تعاون کرینگے،پریس کلب آئندہ بھی الاقصی ویلفیئر ٹرسٹ کیلئے مفت میسر رہے گا، اللہ تعالی تمام تھیلیسینیا کے بچوں کو شفا اور لمبی عمر دے،سیکرٹری فنانس عابد عباسی نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کے چہروں کو دیکھ کر اس لحاظ سے دکھ اور تکلیف ہوتی ہے کہ انہوں نے مستقبل میں آسمان پر سورج ،چاند اورستارے بن کر چمکنا ہے، اللہ تعالیٰ انہیں شفاء اور لمبی زندگیاں عطا کرے، اس حوالے سےحمید خان جو محنت اور کاوش کررہے ہیں اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم کوشش کریں گے کہ جو بلڈ ڈونیشن میںآپ کی ہرممکن مدد کر سکیں تاکہ لوگوں کی زندگیاں بچانے میں ہمارا بھی کوئی حصہ ہو سکے کیونکہ خون زندگی ہے اورجو معصوم بچے ہیں ان کی زندگیوں کو بچایا جا سکے اور یہ ہمیشہ یونہی خوش و خرم اورمسکراتے رہیں اور اپنی زندگی بھرپور انداز اور پوری دلچسپی کے ساتھ زندگی گزاریں،اس موقع پر دیگر مقررین جن میں تھیلیسیمیا کے شکار بچے اور انکے والدین بھی شامل تھے کا کہنا تھا کہ حمید خان دکھی انسانیت کیلئے روشنی کا مینار ہیں، جن کی کوششوں اور تعاون سے اس بیماری میں مبتلا بچوں کو بہترین علاج و معالجہ کی سہولیات میسر ہیں، انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ انکے لئے ایک عدد ایمبولینس عطیہ کی جائے تاکہ وہ اور بہتر انداز میں دکھی انسانیت کی خدمت کر سکیں، تریب کے آخر میں تھیلیسیمیا کے شکار بچوں میں نقد ی کی صورت میں عطیات بھی تقسیم کئے گئے۔











