اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سابق وفاقی وزیر اور ورلڈ مینارٹی الائنس کے کنوینئر جے سالک نے کچی آبادیوں کو مسمار کرنے کے حکومتی اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ مکینوں کو فوری مالکانہ حقوق دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-نائن میں واقع رمشاء کالونی کے عوامی چرچ میں ایک بڑی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں ہزاروں مسیحیوں نے شرکت کی۔ تقریب میں مختلف چرچز کے پادریوں سمیت مذہبی و سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے سالک نے کہا کہ کچی آبادیوں کے مکینوں کے ساتھ ناانصافی بند کی جائے اور انہیں فوری طور پر مالکانہ حقوق دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی کچی آبادیوں میں رہنے والے افراد کئی دہائیوں سے آباد ہیں لیکن آج بھی بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔
شرکاء نے حکومت کی جانب سے کچی آبادیوں کو مسمار کرنے کے اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان بستیوں کو قانونی حیثیت دی جائے اور مکینوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
جے سالک نے مزید کہا کہ حکومت فوری طور پر اسلام آباد کی تمام کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرے اور رہائشیوں کو مالکانہ حقوق فراہم کرے۔
تقریب کے اختتام پر ملک میں امن، استحکام اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔











