جمعه,  24 اپریل 2026ء
لاہور: مختلف علاقوں میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

مناواں پولیس نے 15 پر موصول ہونے والی کال پر فوری ردِعمل دیتے ہوئے فائرنگ کے واقعے میں شہری کو زخمی کرنے والے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے رائفل، میگزین اور گولیاں برآمد کی گئیں، جبکہ زخمی شہری کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

نشتر کالونی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے اغواء میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان نے پراپرٹی کے بہانے شہری کو بلا کر اغواء کیا، مختلف مقامات پر محبوس رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے آن لائن اور اے ٹی ایم کے ذریعے متاثرہ شہری سے 3 لاکھ 50 ہزار روپے بھی ہتھیا لیے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان سے نقدی اور موبائل فون برآمد کر لیے ہیں۔

پنجاب میں محکموں کی تنظیمِ نو، متعدد آسامیوں کے خاتمے اور پولیس ونگز میں تبدیلیوں کی تجویز

نواں کوٹ پولیس نے بچی اور اس کی والدہ پر تشدد کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے 13 سالہ بچی اور اس کی والدہ کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا اور اغواء کی دھمکیاں دیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

راوی روڈ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بزرگ شہری پر تیزاب حملے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور 100 سے زائد کیمروں کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔ متاثرہ شہری پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ بینک میں رقم جمع کروانے جا رہا تھا۔

ایک اور کارروائی میں پولیس نے طالبہ کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے والے اوباش ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔ ملزم کو سی سی ٹی وی کی مدد سے شناخت کر کے حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

پولیس حکام کے مطابق شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

مزید خبریں