جمعه,  24 اپریل 2026ء
پنجاب میں محکموں کی تنظیمِ نو، متعدد آسامیوں کے خاتمے اور پولیس ونگز میں تبدیلیوں کی تجویز
پنجاب میں محکموں کی تنظیمِ نو، متعدد آسامیوں کے خاتمے اور پولیس ونگز میں تبدیلیوں کی تجویز

لاہور(روشن پاکستان نیوز) پنجاب حکومت کی جانب سے مختلف محکموں میں تنظیمِ نو اور اخراجات میں کمی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات زیر غور ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے محکمہ پولیس کے ٹیلی کمیونیکیشن ونگ کو PERA فورس میں ضم کرنے کی تجویز وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کو پیش کر دی ہے۔

مراسلے کے مطابق صوبے میں نظام کی تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن کے باعث ٹیلی ونگ کی روایتی ذمہ داریاں محدود ہو چکی ہیں، جس کے پیشِ نظر اس ونگ کی افادیت پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب حکومت پنجاب نے مختلف محکموں میں بڑی تعداد میں آسامیوں کے خاتمے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ انہار کی 1040، محکمہ زراعت کی 5199، محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر کی 117، محکمہ ہاؤسنگ اربن اینڈ پبلک ہیلتھ کی 727 اور محکمہ جنگلات کی 753 پوسٹیں ختم کی جا رہی ہیں۔

اسی طرح محکمہ تعلیم کی 30 ہزار 391 آسامیوں کے خاتمے کی اطلاعات ہیں، جبکہ محکمہ اسپیشل ایجوکیشن میں بھی متعدد سیٹیں ختم کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مختلف ونگز، جن میں اسپیشل برانچ، ٹیلی کمیونیکیشن، ڈولفن فورس، ایس پی یو اور انویسٹی گیشن شامل ہیں، میں بھی تنظیمِ نو اور ممکنہ طور پر عملے میں کمی کی جائے گی۔

سرکاری سطح پر ان اقدامات کا مقصد اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور اخراجات میں کمی لانا بتایا جا رہا ہے، تاہم حتمی منظوری اور عملدرآمد سے متعلق تفصیلات ابھی سامنے آنا باقی ہیں۔

مزید خبریں