بدھ,  22 اپریل 2026ء
وفاقی تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے 600 سے زائد نئی آسامیوں کی منصفانہ تقسیم مکمل

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  وفاقی دارالحکومت کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے ایک اہم اور دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب عملی پیش رفت کرتے ہوئے نئی آسامیوں کی منصفانہ تقسیم اور تبادلوں کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فیڈرل ایجوکیشن نے 600 سے زائد اساتذہ کی بھرتیوں اور ان کی شفلنگ کی منظوری دے دی ہے یہ اقدام طلبہ کی تعداد اور اسکولوں کی حقیقی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جس سے تعلیمی نظام میں بہتری کی نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔

سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب کی خصوصی دلچسپی اور مسلسل کاوشوں کے باعث ایسے تعلیمی اداروں سے، جہاں اساتذہ کی آسامیاں طویل عرصے سے خالی تھیں یا طلبہ کی تعداد نسبتاً کم تھی، اسامیاں دیگر ضرورت مند اسکولوں کو منتقل کر دی گئی ہیں۔ اس حکمت عملی کے تحت وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنایا گیا ہے تاکہ ہر طالب علم کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

بالخصوص دیہی علاقوں کے اسکولوں کو اس پالیسی سے نمایاں فائدہ پہنچا ہے، جہاں اساتذہ کی شدید قلت ایک عرصے سے تعلیمی عمل میں رکاوٹ بنی ہوئی تھی۔ ترنول، بہارہ کہو اور پھلگراں سمیت مختلف دیہی سیکٹرز کے متعدد تعلیمی اداروں میں اضافی اسامیاں منتقل کی گئی ہیں، جس سے وہاں تدریسی سرگرمیوں میں بہتری آنے کی امید ہے۔

تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف دیہی علاقوں میں تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی ہونے والے اساتذہ کو عارضی تعیناتی کے بجائے مستقل بنیادوں پر خدمات انجام دینے کا موقع بھی میسر آئے گا، جو نظام تعلیم کے استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔

دیہی علاقوں کے مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان نے اس فیصلے کو علم دوست اور دور اندیش اقدام قرار دیتے ہوئے سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اس موقع پر تعلیمی کوآرڈینیٹر عظیم خان نے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان، سیکرٹری تعلیم، ڈائریکٹر جنرل تعلیم اور دیگر متعلقہ افسران کی انتھک محنت اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف اساتذہ کی کمی کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے کی جانب بڑھے گا بلکہ دیہی علاقوں کے طلبہ کو بھی معیاری تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی، جو ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہے

مزید خبریں