اسلام آباد(کرائم رپورٹر) تھانہ سنگجانی پولیس نے آئی جی اسلام آباد ناصر رضی کے احکامات پر گزشتہ تین ماہ کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ایس ایچ او محمد اسحاق کی قیادت میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 344 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں اشتہاری، مفرور، منشیات فروش اور سنگین جرائم میں مطلوب افراد شامل ہیں۔ پولیس نے کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ اکسٹھ لاکھ ستر ہزار روپے مالیت کا مسروقہ اور غیر قانونی سامان برآمد کر کے شہریوں کو واپس دلایا۔
منشیات کے خلاف مہم میں 10 کلو آئس، 1 کلو ہیروئن، 2 کلو چرس اور 65 بوتل شراب برآمد کی گئی، جبکہ کئی منشیات فروش نیٹ ورکس کو بھی توڑا گیا۔ اسی طرح مختلف کارروائیوں میں 4 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں اور اسلحہ سے متعلق 39 مقدمات درج کیے گئے۔
واشنگٹن میں ایران جنگ مخالف احتجاج، 60 سے زائد افراد گرفتار
سنگین جرائم کے خلاف کارروائیوں میں پولیس نے قتل کے پانچ مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا۔ مزید برآں ایم کے ایس ٹیم نے 12 عدالتی مفرور اور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر کے جیل منتقل کیا، جبکہ ایک ڈکیتی گینگ کے 3 ملزمان کو شناخت پریڈ کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔
تھانہ سنگجانی میں کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی کیا گیا، جہاں شہریوں کے مسائل سنے گئے اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے گئے۔
آئی جی اسلام آباد ناصر رضی نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او محمد اسحاق اور ان کی ٹیم نے جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ عوامی حلقوں نے بھی پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ ان کارروائیوں کے باعث علاقے میں جرائم کی شرح میں واضح کمی اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ اقدامات علاقے میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہیں۔











