اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) چئیرمین مارکیٹ کمیٹی آئی سی ٹی اسلام آباد و جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد سٹی، ایم ساجد عباسی کی رہائشگاہ پر ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر ایک پُر وقار اور روحانی فضا میں تعزیتی اجتماع منعقد کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سوگوار خاندان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب، سینئر وزیر محترمہ مریم اورنگزیب اور سردار حسن اورنگزیب خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ انہوں نے ایم ساجد عباسی سے ملاقات کی، ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہونے کا اظہار کیا اور مرحومہ کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ معزز مہمانوں نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی فاتحہ خوانی کی اور اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی کہ مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں جگہ نصیب فرمائے۔
تعزیتی اجتماع میں راجہ سفیر، اسامہ فاروق، راجہ یاسر، حضیفہ ملک، چوہدری امجد، ڈاکٹر ایاز حیدر، راجہ فیصل، راجہ ناصر اور عمیر رضا عباسی سمیت دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے سوگوار خاندان سے فرداً فرداً ملاقات کی، گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعائیں کیں۔
اجتماع کے دوران ایک سنجیدہ اور غمگین فضا طاری رہی، جہاں مرحومہ کی نیک سیرت، خوش اخلاقی اور سماجی خدمات کو بھی یاد کیا گیا۔ مقررین اور شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ مرحومہ ایک بااخلاق اور باوقار شخصیت کی حامل تھیں، جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔
آخر میں مرحومہ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ لواحقین کے لیے صبرِ جمیل، حوصلہ اور استقامت کی دعا مانگی گئی۔ اللّه تعالیٰ مرحومہ کو غریقِ رحمت فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔











