بدھ,  01 اپریل 2026ء
عمرے کی آڑ میں سعودی عرب کے راستے یورپ جانے والا مسافر آف لوڈ

سیالکوٹ(روشن پاکستان نیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرے کے بہانے سعودی عرب کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے مسافر کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر محمد ابوبکر ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران عمرے سے متعلق تسلی بخش جوابات دینے میں ناکام رہا۔ شک گزرنے پر جب مسافر کے سامان کی تلاشی لی گئی تو اس کے لیپ ٹاپ کی اسکرین میں انتہائی مہارت سے چھپایا گیا ایک جعلی ریزڈنٹ کارڈ برآمد ہوا۔

اٹلی کے بعد 5 دیگر یورپی ممالک کا پاکستانیوں کو نوکریاں دینے کا فیصلہ

تحقیقات کے دوران مسافر کے موبائل فون سے جعلی دستاویزات کے استعمال کا منصوبہ بھی بے نقاب ہوا۔ مسافر نے اعتراف کیا کہ اس نے جدہ پہنچ کر اپنی اصل پاکستانی دستاویزات ضائع کرنی تھیں اور وہاں سے ترکیہ کے راستے اسپین پہنچنا تھا۔ مسافر کا وزیر آباد کے ایک ایجنٹ سے 92 لاکھ روپے میں اسپین پہنچنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔

ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار مسافر کو مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں