منگل,  10 مارچ 2026ء
سید مجتبیٰ الحسینی خامنہ ای کا انتخاب امتِ مسلمہ کیلئے امید اور استحکام کی علامت ہے، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی

اسلام آباد ( روشن پاکستان نیوز) مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اسلامی جمہوریہ ایران میں مجلس خبرگان کی جانب سے آیت اللہ سید مجتبیٰ الحسینی خامنہ ای کو اسلامی انقلاب کا تیسرا رہبر منتخب کیے جانے پر کہا ہے کہ یہ فیصلہ امتِ مسلمہ کے لیے امید، استحکام اور انقلاب اسلامی کے تسلسل کی روشن علامت ہے۔ رہبرِ معظم انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی سرخ شہادت کے بعد امتِ مسلمہ ایک نہایت حساس مرحلے سے گزر رہی تھی۔ ایسے میں آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کا بطور ولیِ امرِ مسلمین انتخاب دراصل انقلاب اسلامی کی مضبوطی، استقامت اور عالمی استکبار کے خلاف جاری جدوجہد کے تسلسل کی ضمانت ہے۔علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ انقلاب اسلامی کے اعلیٰ مقاصد، امتِ مسلمہ کی سربلندی اور مظلوم اقوام کے دفاع کے لیے اپنی حمایت اور جدوجہد جاری رکھے گی۔ رہبرِ معظم انقلاب سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد امتِ مسلمہ کے لیے قیادت کا مرحلہ نہایت حساس اور اہم تھا،آیت اللہ سید مجتبی الحسینی خامنہ ای کو اسلامی انقلاب کا تیسرا رہبر منتخب کیا جانا ملتِ اسلامیہ کے لیے امید اور استحکام کی علامت ہے۔نظامِ ولایتِ فقیہ اسلامی وحدت، مقاومت اور عدلِ اجتماعی کا ضامن ہے۔ آج جب عالمی استعمار اور استکبار اسلامی دنیا کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں تو ایسے میں ایک مضبوط اور باصلاحیت قیادت امتِ مسلمہ کے لیے ناگزیر ہے۔ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں ان شاء اللہ انقلاب اسلامی مزید قوت کے ساتھ آگے بڑھے گا اور ظلم و استبداد کے خلاف مزاحمت کا پرچم بلند رہے گا۔علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ پاکستان کی ملتِ جعفریہ اس تاریخی موقع پر ولیِ امرِ مسلمین کے ساتھ تجدیدِ عہد کرتی ہے کہ اسلام، انقلاب اسلامی اور مظلوموں کے دفاع کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور حق و انصاف کی سربلندی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نئے ولیِ امرِ مسلمین کو صحت، قوت اور استقامت عطا فرمائے اور انہیں امتِ مسلمہ کی رہنمائی کے عظیم فریضے کو احسن طریقے سے انجام دینے کی توفیق دے۔آمین

مزید خبریں