لاہور(روشن پاکستان نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی ہے۔
اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت اجتماعات، جلوسوں اور ہر قسم کے احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد ہو گی۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پنجاب میں 4 یا اس سے زائد افراد کے عوامی اجتماع پر مکمل پابندی ہوگی۔ انٹیلی جنس رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حساس اجتماعات دہشت گردی کا ہدف بن سکتے ہیں۔
نیویارک پولیس ہیڈکوارٹرز میں گرینڈ افطار: پاکولی وفد کی شرکت
جس کے باعث عوامی مقامات پر بغیر اجازت کسی بھی قسم کا اجتماع منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید برآں، صوبے بھر میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش اور عوامی مقامات پر اس کے استعمال پر بھی سخت پابندی عائد رہے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار دورانِ ڈیوٹی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، جبکہ شادی بیاہ کی تقاریب، جنازوں، تدفین اور عدالتی کارروائیوں کو بھی اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
محکمہ داخلہ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔











