منگل,  03 مارچ 2026ء
پی ایس ایل 11: سیالکوٹ اسٹالینز کا نام تبدیل کرکے ملتان سلطانز رکھ دیا گیا

لاہور(روشن پاکستان نیوز) پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) 11 میں شامل ہونے والی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز کو باضابطہ طور پر ملتان سلطانز کے نام سے ری برانڈ کر دیا گیا ہے۔

اس تبدیلی کی تصدیق منگل کے روز پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کی۔

یہ اعلان ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا جس میں سلمان نصیر، فرنچائز کے مالک حمزہ مجید اور سی ڈی وینچرز کے سربراہ گوہر شاہ شریک تھے۔

او زیڈ ڈیولپرز نے اسلام آباد میں ہونے والی ٹیم نیلامی کے دوران سیالکوٹ اسٹالینز کی فرنچائز 10 سال کے لیے 185 کروڑ روپے میں حاصل کی تھی تاہم اب اس نے سی ڈی وینچرز کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کر لی ہے۔

اسرائیل کا ایرانی صدارتی دفتر پر حملہ

اس شراکت کے تحت گوہر شاہ کو فرنچائز کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا ہے اور فرنچائز کا نام تبدیل کرکے ملتان سلطانز رکھا گیا ہے۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیرکے مطابق تازہ پیش رفت کے بعد اس فرنچائز کی سالانہ مالیت بڑھ کر 2 ارب روپے ہو گئی ہے۔

سلمان نصیر نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو بننے کے بعد گوہر شاہ نے سیالکوٹ اسٹالینز فرنچائز کا نام تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی، جسے منظور کر لیا گیا۔

سیالکوٹ اسٹالینز اب ملتان سلطانز کے طور پر شامل ہو گی

ان کا کہنا تھا کہ ‘سیالکوٹ اسٹالینز اب ملتان سلطانز کے طور پر شامل ہوں گی’۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران سیالکوٹ فرنچائز کے بارے میں قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی تھیں، جن میں او زیڈ ڈیولپرز کے حصص فروخت کرنے اور مالی مشکلات کے دعوے شامل تھے۔

پریس کانفرنس میں  ملتان سلطانز کے سی ای او گوہر شاہ نے تصدیق کی کہ وہ باضابطہ طور پر چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے فرنچائز میں شامل ہو چکے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ جنوبی پنجاب کی نمائندگی لیگ میں مضبوط ہو۔

انہوں نے کہا کہ  اکیلا اسٹالین پی ایس ایل نہیں جیت سکتا، آگے بڑھنے کے لیے اسٹالین کو سلطان چاہیے، اور ہم سلطان بن کر آئے ہیں۔ ملتان کی شناخت برقرار رکھنا ان کے لیے بہت اہم تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک ہوگا۔

مزید خبریں