اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) سندھ بھر کے مستحق اور نادار افراد کی زندگیوں میں بہتری لانے کے عزم کیساتھ سوسائٹی فار سپورٹ آف ڈیسٹی ٹیوٹ پرسنز (ایس ایس ڈی پی) نے نامور سماجی شخصیت عبد النبی میمن کو سیکرٹری جنرل مقرر کردیا ہے۔ ایس ایس ڈی سی کی منیجنگ کمیٹی کاآٹھواں اجلاس چیٸرمین و سابق چیف سیکریٹری سندھ غلام سرور کھیرو کی صدارت میں ہوا جس میں اہم تقرریوں کی منظوری سمیت آئندہ پانچ سالہ جامع حکمت عملی کی تیاری کا جاٸزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اہم تنظیمی فیصلے کرتے ہوے عبدالنبی میمن کو سیکریٹری جنرل، سہیل اکبر شاہ کو نائب چیئرمین، ڈاکٹر نسیم غنی جام کو ڈپٹی سیکریٹری جنرل جبکہ سید فاضل شاہ کاظمی کو سیکریٹری اطلاعات مقرر کیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ چیئرمین غلام سرور کھیرو کی متحرک قیادت میں ایک نئے وژن، اتحاد اور ترقی کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔منتخب نئی ٹیم نے مکمل تعاون اور عملی اقدامات کے ذریعے ٹھوس اور پائیدار نتائج حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔اجلاس میں سندھ بھر کے مستحق اور نادار افراد تک مؤثر اور تیز رفتار مدد کی فراہمی یقینی بنانے کیلٸے مختلف تجاویز کا بھی جاٸزہ لیا گیا۔











