اسلام آباد (سعد عباسی) – پاکستان تحریک انصاف کی رہنما سیمابیہ طاہر اور علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنے حلقہ NA-57 اور PP-18 میں مسجد کے باہر مشعل بردار ریلی کی قیادت کی۔ 8 فروری 2024ء کے عام انتخابات کے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر میں پی ٹی آئی کا احتجاج مکمل ہو گیا، جس کے دوران مختلف شہروں میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال دیکھی گئی۔
پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق یہ احتجاج مبینہ انتخابی دھاندلی اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے کیا گیا۔ سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے بتایا کہ دن بھر دکانیں، کاروبار، بازار اور ٹرانسپورٹ بند رہے، اور شہریوں نے گھروں میں رہ کر احتجاج کی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ مغرب کی نماز باجماعت قریبی مساجد میں ادا کی گئی۔
بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی وین میں خطرناک بلاکیج، بینائی متاثر ہونے کاخدشہ: پی ٹی آئی
پی ٹی آئی نے اس موقع پر بانی پارٹی کی آنکھ کی وین میں خطرناک بلاکیج کے باعث بینائی متاثر ہونے کے خدشے پر بھی عوام کی دعاؤں کی درخواست کی۔ نماز کے بعد حکومت کے خاتمے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے دعا کی گئی اور موبائل لائٹ یا مشعل کے ساتھ پرامن ریلیوں میں حصہ لیا گیا۔
پارٹی نے واضح کیا کہ احتجاج کے دوران کسی قسم کی زبردستی یا تشدد کی اجازت نہیں تھی، اور شہریوں کو ہڑتال سے قبل راشن، ادویات، پاور بینک، ٹارچ اور اضافی بیٹریوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔











