اتوار,  08 فروری 2026ء
صحافی نعیم قریشی کے والد کی راولپنڈی میں نمازِ جنازہ، صحافتی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) صحافی نعیم قریشی مرحوم کے والدِ محترم کو راولپنڈی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ کھنہ پل، راولپنڈی میں ادا کی گئی، جس میں صحافتی تنظیموں کے عہدیداران، سینئر صحافیوں، اہلِ علاقہ اور مرحوم کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ، آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری راجہ بشیر عثمانی، ریبجا کے صدر سردار شاہد شفیق چوہدری سمیت صحافتی برادری کی بڑی تعداد شریک ہوئیں۔ شرکاء نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

اس موقع پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ صحافی نعیم قریشی کی وفات کے چند ہی دن بعد ان کے والدِ محترم کا انتقال ہونا ان کے خاندان کے لیے کسی قیامت سے کم نہیں۔ ایک ہفتہ قبل نعیم قریشی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے، جبکہ ان کے والد پہلے ہی علیل تھے۔ جوان سال بیٹے کی اچانک جدائی نے ان کے غم کو مزید گہرا کر دیا اور یہ صدمہ ان کے لیے ناقابلِ برداشت ثابت ہوا۔

جرنلسٹ پینل کے متحرک رکن نعیم قریشی سپردِ خاک، نمازِ جنازہ میں صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت

آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری راجہ بشیر عثمانی نے اپنے تعزیتی کلمات میں کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے، مگر نعیم قریشی مرحوم کی وفات کے صدمے سے نکلنے سے قبل ہی ان کے والدِ محترم کا انتقال ہو جانا خاندان کے لیے ناقابلِ برداشت سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری مرحوم کے پسماندگان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ریبجا کے صدر سردار شاہد نے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ نعیم قریشی مرحوم کی وفات کے زخم ابھی تازہ تھے کہ ان کے والدِ محترم کی وفات نے خاندان کو دوہرے صدمے سے دوچار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ پوری صحافتی برادری کے لیے باعثِ رنج و الم ہے۔ سردار شاہد نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریبجا اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
آخر میں مقررین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نعیم قریشی مرحوم اور ان کے والدِ محترم کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

مزید خبریں