اتوار,  08 فروری 2026ء
فرحان حسین جعفری کے زیر اہتمام اقبال ٹاؤن راولپنڈی میں ترلائی کلاں مسجد و امام بارگاہ خدیجہ الکبری کے شہداء کے لیے دعائیہ تقریب

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز)فرحان حسین جعفری اور سید بلال عزت نقوی کے زیرِ اہتمام اقبال ٹاؤن بر مکان فرحان حسین جعفری میں ترلائی کلاں کی مسجد و امام بارگاہ خدیجہ الکبری میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے کے شہداء کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کے لیے ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا باقاعدہ آغازتلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ بعد ازاں شہداء کے ایصالِ ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔اس موقع پرفرحان حسین جعفری نے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم جانوں کا ضیاع پوری قوم کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال ٹاؤن کمیونٹی شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہر فورم پر امن و انسانیت کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔تقریب میں شہدا کے لواحقین،اقبال ٹاؤن کمیونٹی کے معزز اراکین اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں نذیر ساقی، جہانگیر عباسی، نذیر شاہ، راجہ طاہر، ایڈووکیٹ ہائی کورٹ آصف گوبدل، نثار خان سمیت دیگر معززین اور بزرگ شامل تھے۔تقریب میں سابق ایس ایچ اوتھانہ صادق آباد انوارالحق اورموجودہ ایس ایچ او تھانہ صادق آباد راجہ سجادنے بھی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سانحے پر اظہارِ افسوس کیا اور امن و امان کے قیام کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔شرکاء نے اس موقع پر سید ہارون جعفری اور فرحان حسین جعفری سے ان کے قریبی رشتہ داروں کی شہادت پر خصوصی تعزیت کی اور ان کے خاندان سے بھرپور ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اقبال ٹاؤن کمیونٹی کی جانب سے متاثرہ خاندان کے لیے صبرِ جمیل اور حوصلے کی دعا کی گئی۔تقریب کے اختتام پر سانحہ ترلائی کلاں مسجد و امام بارگاہ خدیجہ الکبری کے شہداء کی مغفرت، درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مزید خبریں