اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سابق وفاقی وزیرفواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ عمر ایوب اور شبلی فراز نے 8 فروری کے انتخابات میں دھاندلی کے باوجود احتجاج نہ کرنے کی ڈیل کی۔
ایکس پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات میں تحریک انصاف کی واضح برتری کے باوجود نتائج کو تبدیل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر 2023 میں جیل میں ملاقات کے دوران میں نے عمران خان کو کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ انتخابات ہوں گے کیونکہ حکمران غیر مقبول ہیں۔ عمران خان کا مؤقف تھا کہ انتخابات ہوں گے اور تحریک انصاف بھاری اکثریت سے جیتے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 8 فروری 2024 کو عمران خان کا تجزیہ درست ثابت ہوا ، اسی ماہ انہیں عدالت کے حکم پر جیل میں ٹی وی فراہم کیا گیا، جس کے ذریعے وہ انتخابات کے نتائج دیکھ رہے تھے، لیکن رات کے وقت اچانک ٹی وی بند کر دیا گیا، جس سے وہ اور ان کا سنتری حیران رہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ شبلی فراز اور عمرایوب نے ڈیل کر لی کہ نتائج تبدیل ہونے کی صورت میں احتجاج نہیں کیا جائے گا ، بعد میں عمران خان سے ملاقات ہوئی تو وہ شدید غصے میں تھے اور انہیں بخوبی معلوم تھا کہ کس نے کیا کھیل کھیلا۔











