جمعرات,  26 جون 2025ء
راولپنڈی پولیس کی مختلف جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں: قاتلہ ماں کے خلاف مقدمہ، منشیات، چوری، جعل سازی اور اسلحہ برآمدگی کے کئی واقعات
راولپنڈی پولیس کی مختلف جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں: قاتلہ ماں کے خلاف مقدمہ، منشیات، چوری، جعل سازی اور اسلحہ برآمدگی کے کئی واقعات

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے گزشتہ روز مختلف تھانوں کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے اہم گرفتاریاں کیں اور بھاری مقدار میں منشیات، اسلحہ، چوری شدہ رقم اور اشیاء برآمد کیں۔

تھانہ بنی محلہ: ماں کے خلاف بچوں کے قتل کا مقدمہ
تھانہ بنی محلہ کے علاقے راجہ سلطان میں تین بچوں کی پراسرار ہلاکت کا واقعہ پیش آیا۔ بچوں کے والد کی مدعیت میں ان کی والدہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مدعی کے مطابق، گھریلو جھگڑے کے بعد بیوی نے کہا تھا کہ “بچوں کا کچھ کر لوں گی”، جس پر شبہ ہے کہ بچوں کو والدہ نے ہی قتل کیا ہے۔ پولیس کے مطابق، خاتون زیر علاج اور حفاظتی تحویل میں ہے۔ نعشوں کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے اور تفتیش پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں میرٹ پر کی جائے گی۔

آر اے بازار پولیس: جعلی حساس ادارے کا افسر گرفتار
آر اے بازار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرنے والے جعل ساز کو گرفتار کیا۔ زیر حراست ملزم نے جعلی کارڈ دکھا کر خود کو سینئر افسر ظاہر کیا، جو تفتیش کے دوران جعلی نکلا۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے کہا کہ ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت بھیجا جائے گا۔

تھانہ بنی پولیس: موبائل شاپ چوری کا ملزم گرفتار
تھانہ بنی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موبائل شاپ سے چوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے 10 لاکھ روپے نقدی اور 2 موبائل فون برآمد کر لیے۔ مقدمہ مدعی کے مطابق چوری کا مرتکب اس کا اپنا بھتیجا تھا۔

ٹیکسلا پولیس: ہیروئن برآمد، منشیات فروش گرفتار
سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر ٹیکسلا پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے 2 کلو 200 گرام ہیروئن برآمد کی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: راچڈیل: معروف شیل ریٹیلر کے بیٹے حسن ارشد حساس قومی راز چوری کرنے پر گرفتار، سات سال قید کی سزا

سٹریٹ کرائم میں ملوث شخص گرفتار، نقدی برآمد
آر اے بازار پولیس نے سٹریٹ کرائم کے مقدمات میں ملوث شخص کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 15,500 روپے نقدی برآمد کی۔

نصیر آباد پولیس: آتش بازی کا سامان لے جانے والا گرفتار
نصیرآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو آتش بازی کا سامان لے جاتے ہوئے گرفتار کیا، شہریوں کی جان خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

چکلالہ، دھمیال، روات: منشیات فروش گرفتار
چکلالہ پولیس نے 800 گرام چرس، دھمیال پولیس نے 520 گرام چرس جبکہ روات پولیس نے 5 لیٹر شراب برآمد کر کے منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔

راولپنڈی پولیس کی اسلحہ کے خلاف کارروائیاں
صادق آباد، ریس کورس، گوجر خان اور جاتلی میں کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق تمام کارروائیاں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کی گئی ہیں اور ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پولیس کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں