محلہ ولی ٹاؤن میں بنیادی سہولیات کا فقدان، گندگی کے ڈھیر، گندا پانی اور تعفن نے اہل علاقہ کی زندگی اجیرن بنا دی

حافظ آباد (شوکت علی وٹو )حافظ آباد کا محلہ ولی ٹاؤن انتظامی عدم توجہی کا شکار ہو چکا ہے، جہاں کے مکین عرصہ دراز سے بنیادی سہولیات سے محروم زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ گلیوں میں جابجا گندگی کے ڈھیر، بدبودار پانی کا جماؤ اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں اس علاقے کا خاصہ بن چکی ہیں۔ بارہا شکایات کے باوجود انتظامیہ کی خاموشی اور لاپرواہی نے شہریوں کو ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ محلہ ولی ٹاؤن کی گلیوں اور بازاروں میں صفائی کا کوئی باقاعدہ انتظام موجود نہیں، جس کی وجہ سے جگہ جگہ کچرے کے انبار لگے ہوئے ہیں، جو تعفن اور مختلف بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں۔ بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث پانی ہفتوں تک گلیوں میں کھڑا رہتا ہے، جس میں مچھر پرورش پاتے ہیں اور ڈینگی جیسی موذی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ چکا ہے۔رہائشیوں کے مطابق، اس وقت سب سے زیادہ مشکلات سکول کے طلباء و طالبات، بزرگ شہریوں اور نمازی حضرات کو پیش آتی ہیں، جنہیں اس گندگی اور بدبو سے گزر کر روزمرہ کے امور انجام دینا پڑتے ہیں۔ گلیوں میں کھڑے بدبودار پانی کی وجہ سے بچوں کا سکول جانا مشکل ہو چکا ہے، جبکہ نماز کے لیے مساجد جانے والے نمازی بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

اہل علاقہ نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ محلہ ولی ٹاؤن کے مسائل کا فوری نوٹس لیا جائے اور یہاں صفائی ستھرائی کا مؤثر نظام نافذ کیا جائے۔ نکاسی آب کے نظام کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے ۔۔

مزید خبریں