هفته,  11 جنوری 2025ء
ضلع کرم : امدادی اشیا اور اشیائے خوردونوش کی 12 گاڑیاں پہنچ گئیں

کرم(روشن پاکستان نیوز) ضلع کرم پارا چنار کے لیے امدادی اشیا اور اشیا خوردونوش کی مزید 12 گاڑیاں پہنچا دی گئیں، اسسٹنٹ کشمنر نے کہا ہے کہ ہنگو ٹل سے کرم کے مختلف علاقوں کے لیے پہنچائی گئی ہیں۔

اسسٹنٹ کشمنر ہنگو منان خان نے کہا کہ امدادی سامان کی 7 گاڑیاں تری منگل، 4 بوشرہ اور ایک گز گھڑی پہنچائی گئی، امدادی سامان منتقلی کے موقع پر ٹل پارا چنار شاہراہ پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔

ادھر پاراچنار ٹل مین شاہراہ ہر قسم آمد و رفت کیلئے بند ہے اور راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سرکاری ذرائع کے مطابق مندوری میں دھرنا کے باعث بن آمد و رفت کے راستے بند ہیں۔

تاجر برادری کا کہنا ہے کہ 40 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ ٹل سے پاراچنار کی جانب منتظر ہے، اپر کرم کے لوگوں کی مشکلات حل کرنے کیلئے کم از کم 500 ٹرک درکار ہیں۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پارا چنار ڈاکٹر سید میر حسن جان کا کہنا ہے کہ میڈیکل اسٹوروں میں ادویات ختم ہوچکی ہیں، عوام نے ڈی ایچ کیو اسپتال کا رخ کیا ہے، اسپتال میں روزانہ 2300 سے 2500 افراد چیک اپ کیلئے آتے ہیں، اسپتال میں ایمرجنسی کیلئے ادویات موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: کرم امن معاہدے کی خلاف ورزی، نفرت انگیز تقاریر پر 3 افراد کیخلاف مقدمہ درج

دوسری جانب میڈیکل یونینز کا کہنا ہے کہ باہر مارکیٹ میں ضرورت کے مطابق ادویات موجود نہیں ہیں، گزشتہ روز قافلے میں ایک بھی میڈیسن کی گاڑی نہیں تھی۔

دوسری جانب لوئر کرم مندوری میں دھرنا آج بھی جاری ہے، دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ بگن متاثرین کیلئے ریلیف پیکج دیا جائے، نقصانات کا ازالہ کیا جائے، مطالبات نہ ماننے تک دھرنا جاری رہے گا۔

مزید خبریں