اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنماورکن قومی اسمبلی سحر کامران نے انتہائی مشکل حالات میں سستے داموں گندم اور کپاس فروخت کرنے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت کے لیے ایک اور مشکل سال دیکھنے کو مل رہا ہے ۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں انہوں نے کسانوں سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ گندم کے کاشتکاروں کو نگراں حکومت کی جانب سے ضرورت سے زیادہ درآمدات کی وجہ سے بہت بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب کپاس کی فصل کو موسمیاتی اثرات اور غیر متوقع بارشوں کی وجہ سے پیداوار میں کمی کا اندیشہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی اور کھاد، ایندھن اور دیگر استعمال ہونے والی اشیاکی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل کی صنعت میں بحران بھی کسانوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
رکن قومی اسمبلی نے کہاکہ کپاس کی قیمتیں انتہائی کم ہیں اور کسانوں اخراجات بھی پورے نہیں ہورہے۔











