مظفرآباد(روشن پاکستان نیوز)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری امیدوں امنگوں کا مرکز ہے۔پاکستان کی مٹی کی خوشبو سے محبت میں جانیں نچھاورکرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔پاکستان کے قیام سے قبل کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کے حق میں دیا۔ قائداعظم کے پاکستان سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے۔
کشمیر بنے گا پاکستان سیز فائرلائن کے دونوں جانب سب سے مقبول نعرہ ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی پاکستان سے محبت پر ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔مقبوضہ وادی کے اندر بسنے والوں نے اس سفر کی تکمیل کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔
یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہاکہ آج سیز فائرلائن کے دونوں جانب کشمیری الحاق پاکستان منارہے ہیں۔
صرف جموں میں اڑھائی لاکھ لوگوں کو پاکستان کی محبت کے جرم میں قتل کیا گیا۔ہندوستان کی جانب سے تمام تر حربے آزمانے اوربہیمانہ قتل عام پاکستانیت کو ختم نہیں کرسکا۔کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ اپنے مقدس رشتے کو ہمیشہ سب سے مقدم رکھا اور کبھی حرف نہیں آنے دیا۔
انہوں نے کہا کہ 19جولائی کا دن تاریخ ساز دن ہے کیونکہ اس تاریخی دن کشمیریوں نے قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے اپنے مستقبل کا تعین کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 19 جولائی کو قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے کشمیری عوام نے اپنی قسمت پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا جو تاریخ ساز فیصلہ کیا تھا وہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے اور کشمیر یوں کو ان کا بنیادی حق، حق خوداردیت ضرور ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج آزاد جموں و کشمیر کے طول و عرض میں الحاق پاکستان کا دن منایا جا رہا ہے جو پاکستان کے ساتھ ہمارے اٹوٹ تعلق کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی اعلیٰ قیادت کے تاریخ ساز فیصلے نے جدو جہد آزادی کا رخ جس منزل کی طرف موڑا تھا اسی عظیم مقصد کے حصول کیلئے آج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری بھارت کی 8لاکھ سے زائد فوج کے آگے سینہ سپر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج سے 76 سال قبل کشمیریوں نے اپنی منزل کا تعین کر دیاتھا اور اس منزل کے حصول کیلئے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے کشمیریوں کی جس منزل کا تعین کیا تھا وہ انشا اللہ حاصل کر کے رہیں گے اور وادی (سرینگر)اور مقبوضہ جموں پر سبز ہلالی پرچم لہرا کر رہے گا ۔