اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) سابق ترجمان حکومت بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، معاشی استحکام اور قومی وقار سیاست اور اقتدار سے کہیں زیادہ اہم ہیں، مولانا فضل الرحمان اپنی سیاست کا محور پاکستان کی ترقی اور عوامی مسائل کو بنائیں، ذاتی مفادات اور اقتدار کی سیاست سے ملک کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرح عظیم شاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان قومی اسمبلی میں حلقہ این اے 265 پشین کی نمائندگی کر رہے ہیں، انہیں سیاسی احتجاج اور بیان بازی کے بجائے اپنے حلقے کے عوام کے مسائل، خصوصاً تعلیم، صحت، سڑکوں اور روزگار کی سہولیات پر توجہ دینی چاہیے۔ پشین کی غریب خواتین اور بچیاں آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، سیاستدانوں کو اپنے سیاسی دعوؤں کے ساتھ عملی کارکردگی کا جواب بھی دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان پوری قوم کی فوج ہے اور ملکی سرحدوں و سلامتی کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہی ہے، قومی سلامتی کے اداروں کو سیاسی مفادات کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔ پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں اور عالمی سطح پر بہتر ہوتا تشخص پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ معرکہ حق اور بنیان مرصوص کی کامیابیوں پر بھی قوم فخر کرتی ہے۔فرح عظیم شاہ نے کہا کہ انہوں نے تحریک استحکام پاکستان کا آغاز بھی قومی اتحاد، ترقی اور معاشی استحکام کے لیے کیا تھا۔ سیاستدانوں کو دوہرے معیار اور اقتدار کی سیاست سے نکل کر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسی دباؤ یا بلیک میلنگ کے بغیر آئین و قانون کے مطابق فیصلے کیے جائیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہو۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا قیام عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ بلوچستان جیسے وسیع رقبے کے صوبے کے تمام انتظامی امور صرف کوئٹہ سے چلانا مشکل ہے۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ بلوچستان کے عوام، بالخصوص خواتین کے مسائل کو قومی سطح پر بھرپور اجاگر کیا جائے اور صحافیوں کو بلوچستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔











