لندن(روشن پاکستان نیوز) برطانیہ کی لیبر حکومت کے لیے آئندہ پانچ سالوں میں 15 لاکھ نئے گھروں کی تعمیر کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ہاؤسنگ منسٹر میتھیو پینی کوک نے اعتراف کیا ہے کہ حکومت کے لیے انگلینڈ بھر میں مقررہ مدت کے دوران 15 لاکھ نئے گھر تعمیر کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جولائی 2024 سے رواں سال جون تک ملک بھر میں تقریباً 3 لاکھ 92 ہزار 400 گھر تعمیر کیے گئے۔ حکومت کو اپنے 15 لاکھ گھروں کے ہدف تک پہنچنے کے لیے اب باقی مدت میں ہر سال اوسطاً تقریباً 3 لاکھ نئے گھر تعمیر کرنا ہوں گے۔
برطانیہ میں جنگلات میں آگ لگنے کا شدید خطرہ، حکومت کا ہائی الرٹ جاری
ہاؤسنگ منسٹر کے مطابق موجودہ حالات میں تعمیراتی شعبے کو مشکلات کا سامنا ہے اور ایران جنگ کے باعث تعمیراتی اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے نئے گھروں کی تعمیر مزید مشکل ہو رہی ہے۔
میتھیو پینی کوک نے مزید کہا کہ حکومت نے نئے نیشنل پلاننگ پالیسی فریم ورک کے تحت پبز کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔ ان منصوبوں کے باعث ڈویلپرز کے لیے موجودہ پبز کو فلیٹس یا دکانوں میں تبدیل کرنا مشکل ہوگا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے اور نئے گھروں کی تعمیر تیز کرنے کے لیے اپنی پالیسیوں پر عمل درآمد جاری رکھے گی، تاہم مقررہ 15 لاکھ گھروں کا ہدف اب ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔











