اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) ملک بھر میں طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کے پیش الرٹ جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔
موسمی صورتحال کے پیشِ نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے باقاعدہ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور، میانوالی، خوشاب، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاءالدین، گجرات، سیالکوٹ اور حافظ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، نوابشاہ، دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور گھوٹکی میں بادل برسیں گے۔
کراچی میں بارش کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
خیبر پختونخوا میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ڈی آئی خان، بنوں، کوہاٹ، کرک، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، سوات، دیر، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بونیر، مہمند، خیبر اور وزیرستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، دیامر، استور، غانچے، شگر اور کھرمنگ کے اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور بارشوں کے باعث سڑکوں پر پھسلن، حدِ نگاہ متاثر ہونے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہونے کا خدشہ ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور کمزور انفراسٹرکچر (کچے مکانات اور سائن بورڈز) سے دور رہنے کی تاکید کی ہے۔











