جمعرات,  17  ستمبر 2026ء
محمد رضوان کو بڑا دھچکا، این سی سی آئی اے کے نوٹسز کے خلاف درخواست مسترد

لاہور(روشن پاکستان نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے قومی کرکٹر محمد رضوان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے بھیجے گئے نوٹسز کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے محمد رضوان کی درخواست پر سماعت کی۔

محمد رضوان نے درخواست میں این سی سی آئی اے کے دائرہ اختیار اور تحقیقات کی نوعیت پر سوالات اٹھائے جب کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک این سی سی ائی اے کی کارروائی روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ این سی سی آئی اے طلب کرنے سے متعلق کوئی مخصوص الزام نہیں بتایا گیا، این سی سی آئی اے کسی نامعلوم الزام کی تحقیقات کیوں کررہا ہے؟

عدالت نے رضوان کی درخواست پر سماعت کے بعد ان کی درخواست کو مسترد کردیا۔

پی سی بی نے امام اور رضوان کا موبائل ڈیٹا حاصل کرلیا، تحقیقات کا دائرہ وسیع

دوسری جانب کرکٹر محمد رضوان کے وکیل قاضی عمیر علی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رضوان نے این سی سی آئی اے کے نوٹس کا جواب جمع کروا دیا ہے، آن لائن جوئے کےالزامات تو آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ دیکھتا ہے، این سی سی آئی اے کس چیز کی انویسٹی گیشن کررہا ہے۔

کرکٹر محمد رضوان اور امام الحق کی این سی سی آئی اے میں پیشی کا معاملہ چل رہا ہے ، ایسے میں رضوان نے لاہور ہائیکورٹ میں این سی سی آئی اے کی طلبی کو چیلنج کیا تھا۔

واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے محمد رضوان اور امام الحق کو سوال نامہ دیا تھا، دونوں کھلاڑیوں نے 15 ستمبر تک سوالنامے کے جوابات جمع کرانے تھے، امام الحق نے سوالنامے کے جوابات جمع کروا دیے۔

محمد رضوان اور امام الحق کو دورہ انگلینڈ سے وطن واپس بلا لیا گیا تھا جس کے بعد دونوں کے خلاف تحقیقات شروع کی گئیں۔

مزید خبریں