لارڈز(روشن پاکستان نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کا پاکستان کرکٹ ٹیم کی دورہ انگلینڈ میں خراب کارکردگی اور مایوس کن بیٹنگ پرفارمنس کے بعد دو ٹوک الفاظ میں کہنا تھا کہ کھلاڑی خراب کھیلے، لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ میں ”ملبہ“ کھلاڑیوں پر ڈال دوں۔
لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے پریس کانفرنس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری ٹیم ہے اور پاکستان کے بہترین کھلاڑی اس کا حصہ ہیں۔ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ بیٹنگ میں اچھا کرتے ہیں، تو بولنگ خراب ہوجاتی ہے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ محمد رضوان، سعود شکیل اور سلمان علی آغا نے پرفارم بھی کیا ہے، لیکن آج رنز نہیں کر رہے، تو بطور ہیڈ کوچ ان کے ساتھ کھڑا ہوں، سیریز کے بعد بیٹھیں گے، بات کریں گے، پھر طے کریں گے، کس کو رکھنا ہے، کس کو ٹیم سے باہر کرنا ہے۔
سینئرکو باہر بٹھانے میں کوئی برائی نہیں، جو ٹیم کیلئے اچھا ہے وہی کھیلےگا: بابراعظم
انہوں نے کہا کہ افسوس نتائج ہمارے حق میں نہیں آرہے، لیکن ہم کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا پڑے گا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایک پیشہ ورانہ ٹیم ہے، تسلیم کرتا ہوں، بلے بازی میں مسائل ہیں، یہ سارے اچھے لڑکے ہیں، بہت محنت کر رہے ہیں، اگر قومی ٹیم کو بین الاقوامی سطح پر اپنا تشخص عالمی معیار کے مطابق رکھنا ہے، تو لڑکوں کو پرفارم کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں جانا ہوگا، اپنی خامیوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، جہاں تک رہی ٹیم کی پرفارمنس تو بطور ہیڈ کوچ میں مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں، کسی کو موردالزام نہیں ٹھہرا سکتا۔











