اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بھارت نے پاکستان کو 3-5 سے شکست دےکر ہاکی ورلڈکپ 2026 سے باہر کردیا۔
نیدر لینڈز اور بیلجئیم میں کھیلے جانیوالے والے ہاکی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان ٹیم کو تین میچوں میں دوسری شکست کے بعد اگلے مرحلے میں جگہ نہ مل سکی۔
انگلینڈ سے 1-4 سے ہارنے اور ویلز کے مقابلے پر 3-3 گول سے میچ برابر کھیلنےکے بعد گروپ “ڈی” میں روایتی حریف بھارت کے خلاف فتح ہی پاکستان کو ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچا سکتی تھے، لیکن ایمسٹلوین میں ابو بکر کی قیادت میں پاکستان ہاکی ٹیم بھارت کے خلاف میچ کے ابتداء سے ہی دباؤ کا شکار نظر آئی۔
ہرمن پریت سنگھ کی قیادت میں بھارتی ٹیم جسے دوسرے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 2-4 سے شکست ہوئی تھی، پاکستان کے خلاف انھوں نے انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 3-5 سے ورلڈکپ میں دوسرا میچ جیت کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیےکوالیفائی کرلیا۔
بھارتی ٹیم نے پہلے کوارٹر میں کپتان ہرمن پریت سنگھ کے زریعے پنالٹی کارنر پر پہلا گول کیا، جس کے بعد ابھیشک نے دوسرا گول کرکے بھارت کی برتری کو ڈبل کردیا۔
پاکستان کسٹمز کے 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے تحت 12 اسسٹنٹ کلیکٹرز کی تربیت مکمل
پہلے کوارٹر کے اختتام تک بھارت کی برتری برقرار رہی۔ دوسرے کوارٹر میں بھارتی کپتان ہرمن پریت نے پنالٹی کارنر کے ری باؤنڈ پر تیسرا گول بنایا، جس کے چند منٹ بعد پاکستان کے حنان شاھد نے گول کرکے بھارت کی برتری 1-3 کر دی، تاہم چند ہی منٹ بعد بھارت کے لیے چوتھا گول ابھیشک نے بنایا۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستان کی طرف سے پہلے پنالٹی کارنر پر سفیان گول کرنے میں کامیاب رہے۔ دوسرے کوارٹر کے خاتمے پر بھارت کو پاکستان کے خلاف 2-4 کی برتری حاصل تھی۔
تیسرے کوارٹر میں بھارت نے پنالٹی اسٹروک پر اپنی برتری 2-5 کے ساتھ مستحکم کی، جس کے بعد چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستان کے لیے حنان شاھد اپنا دوسرا اور پاکستان کا تیسرا گول بنانے میں کامیاب رہے۔
پاکستان ہاکی ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا جب کہ بھارت اور انگلینڈ نے پول ڈی سے دوسرے راؤنڈ کے لیےکوالیفائی کرلیا۔
پاکستان اور بھارتی ہاکی ٹیم کے درمیان میچ کے بعد روایتی ہینڈ شیک بھی ہوا۔











